سعودی عرب نے عازمین حج کیلئے قواعد و ضوابط جاری کردیئے

وزرت حج و عمرہ نے حج کی ادائیگی کے خواہشمند شہریوں اور مسلمان غیرملکی باشندوں کیلئے قوانین کا اعلان کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 12 فروری 2025 14:09

سعودی عرب نے عازمین حج کیلئے قواعد و ضوابط جاری کردیئے
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2025ء ) سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے قواعد و ضوابط جاری کردیئے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے اس سال حج کی ادائیگی کے خواہشمند شہریوں اور مسلمان غیرملکی باشندوں کے لیے قوانین کا اعلان کیا ہے، اس ضمن میں سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ایک اور شرط یہ ہے کہ قومی کارڈ یا رہائشی اجازت نامہ اسلامی قمری مہینے ذوالحجہ کی 10 تاریخ تک درست ہونا چاہیئے، رجسٹریشن درست اعداد و شمار پر مبنی ہونی چاہیئے کیوں کہ غلط معلومات داخل کرنے سے درخواست مسترد ہوجائے گی۔

وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حج کے خواہشمند فرد کی صحت اچھی ہونی چاہیئے، وہ کسی شدید، متعدی یا دائمی بیماری میں مبتلا نہ ہو، عازمین کو گردن توڑ بخار اور موسمی انفلوئنزا کی ویکسین ضروری لگوانی چاہیئے، اہل درخواست دہندہ کو پیشگی بکنگ کرنے اور تمام ہدایات کی پابندی کرنے کی بھی ضرورت ہے، ڈیٹا میں کسی قسم کی غلطی یا تقاضوں کی خلاف ورزی ریزرویشن کی منسوخی کا باعث بن سکتی ہے جب کہ رجسٹریشن میں ترجیح ان لوگوں کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے حج نہیں کیا۔

(جاری ہے)

وزارت نے نشاندہی کی کہ حج پروگرام شروع ہونے کے بعد ادا کی گئی رقم واپس نہیں کی جائے گی، تمام صحت، احتیاطی تدابیر اور رہنما خطوط کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا جاتا ہے، مقدس مقامات کے درمیان نقل و حرکت کے لیے مقرر کردہ ٹائم ٹیبل کے ساتھ ساتھ اسمبلنگ اور رہائش سے متعلق ہدایات کی پابندی کی جائے، حج کا اجازت نامہ نسک پورٹل کے ذریعے پرنٹ کیا جانا چاہیئے، اس پر واضح طور پر QR کوڈ ظاہر ہو، اسے حج کے تمام اراکین کی ادائیگی کے دوران ہمراہ رکھنا ضروری ہے اور عام حجاج کے علاوہ دوسروں کو اسے استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں