مدینہ منورہ میں قرآن پاک کے قدیم نسخوں کی عالمی نمائش

یہ ایمان افروز نمائش اب تک چالیس لاکھ افراد دیکھ چُکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 31 دسمبر 2018 10:35

مدینہ منورہ میں قرآن پاک کے قدیم نسخوں کی عالمی نمائش
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 دسمبر 2018ء) ہر سال لاکھوں عازمین حج اور معتمرین سعودی مملکت کا رُخ کرتے ہیں۔ جہاں حرم پاک اور مسجد نبویؐ کے رُوح پرور نظاروں اور زندگی بھر کی بہترین عبادت سے بھی ایمان کو تازہ کرتے ہیں۔ ایک ایسا ہی نظارہ مسجد نبوی میں موجود القرآن الکریم نمائش گاہ میں بھی مِلے گا جہاں قرآن مجید کے قدیم قلمی نسخے ہی نہیں بلکہ موجودہ نئی ٹیکنالوجی کے مطابق شائع شدہ قرآن پاک کے نسخے بھی زائرین کی خاطر رکھے گئے ہیں۔

قرآن کریم کے منفرد اور نادر نمونوں کی یہ نمائش اس وقت بارہ ہالز میں لگی ہوئی ہے۔ جنہیں دیکھنے کی خاطر ہر روز ہزاروں زائرین آتے ہیں۔ زائرین کی سہولت کی خاطر فجر کی نماز سے لے کر رات 9 بجے تک نمائش گاہ کھُلی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق اب تک 40 لاکھ فرزندانِ توحید یہ قرآن نمائش دیکھنے تشریف لا چکے ہیں۔ اور اگلے دِنوں میں مزید ہزاروں افراد یہاں کا رُخ کریں گے۔

یاد رہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر اب تک مملکت میں تقریباً 23لاکھ فرزندانِ توحید کو ویزے جاری ہو چکے ہیں۔ جن میں 13 لاکھ 93 ہزار چار سو اکیانوے معتمرین عمرے کی سعادت کے بعد مملکت سے واپس جا چکے ہیں۔وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس بار سب سے زیادہ عمرہ زائرین پاکستان سے آئے ہیں جن کی گنتی 7 لاکھ 65 ہزار پانچ سو دس ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 6 لاکھ 10 ہزار تین سو تیرہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں