سعودی عرب میں شدید بارشوں اور طوفان سے بڑی تباہی

بارشوں سے سب سے زیادہ تباہی مدینہ منورہ میں ہوئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 29 جنوری 2019 11:10

سعودی عرب میں شدید بارشوں اور طوفان سے بڑی تباہی
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 جنوری 2019ء ) سعودی مملکت میں گزشتہ روز طوفانی بارشوں اور گرد آلود ہواؤں نے تباہی مچا دی۔ کئی علاقے زیر آب آ گئے۔ سب سے زیادہ تباہی مدینہ منورہ میں ہوئی ہے۔ گزشتہ روز کی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ایک سوڈانی شہری بدر کمشنری کی وادی الصفراء میں سیلاب میں ڈُوب کر جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالی۔

مدینہ منورہ کنٹرول سینٹر کی جانب سے بتایا یا ہے کہ بارش کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے تین ہزار سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔ جن میں کئی شکایات شارٹ سرکٹ اور لوگوں کے سیلابی ریلے میں پھنس جانے سے متعلق بھی تھیں۔ 41 سے زائد محصورین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پانچ خاندان جن کے گھر شدید بارش کے باعث زمین بوس ہونے کی حالت میں آ گئے تھے، اُنہیں عارضی رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور ان کے نائب شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو کھڑا پانی فوری طور پر نکالنے کی ہدایت کی۔ کہا جاتا ہے کہ مدینہ منورہ میں اس سے قبل اتنی شدید بارش نہیں ہوئی۔ کئی وادیاں اور گھاٹیاں زیر آب آ گئیں۔ کئی مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا، طلباء و طالبات سڑکوں اور شاہراہوں پر پھنس کر رہ گئے۔

یونیورسٹیوں میں تدریس کا نظام معطل رہا۔ ایک یونیورسٹی میں طالبات کی عمارت گر گئی۔ اطلاعات کے مطابق مقامی شہریوں اور غیر مُلکیوں کی سینکڑوں گاڑیاں سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں۔ کئی مقامات پر سڑکیں ٹُوٹ پھوٹ گئی ہیں اور ان میں گڑھے پڑ گئے ۔ جبکہ کئی جگہوں پر گاڑیاں گہرے کیچڑ میں دھنس گئیں۔ سکاکا شہر میں بھی حالیہ بارشوں نے بہت تباہی مچائی ہے اور کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔

ینبع کمشنری اور اس کے اطراف میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں گرد و غبار کے شدید طوفان نے شہریوں کو مصیبت میں مبتلا کر دیا۔ مکہ مکرمہ کے مختلف علاقے بھی بارش سے اور سیلاب سے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مکہ مکرمہ ریجن کے شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ پُورے ریجن میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں بُوندا باندی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جدہ کے شمالی علاقوں میں بھی مُوسلا دھار بارش ہوئی۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں