مدینہ: بچے کی گردن کاٹنے والا سفاک شخص کون تھا؟

ظالم شخص نے ماں کے ہاتھ سے بچہ چھین کر اُس کی گردن دھڑ سے علیحدہ کر دی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 2 فروری 2019 17:25

مدینہ: بچے کی گردن کاٹنے والا سفاک شخص کون تھا؟
مدینہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2فروری 2019ء ) گزشتہ روز مدینہ میں ایک ایسا خوفناک واقعہ پیش آیا تھا جس نے شہر بھر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی تھی۔ ہوا کچھ یوں کہ امیر سلطان پر بن عبدالعزیز پر ایک مقامی شہری نے اچانک حملہ کر کے 7 سال کے معصوم بچے کی گردن تن سے جُدا کر دی تھی۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ظالم شخص کی بربریت کا شکار ہونے والے بچے کے نانا ناصر الفایز نے بتایا کہ مقتول بچے زکریا کی ماں جدہ میں ملازم ہے۔

وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ شاپنگ کی خاطر مدینہ آئی ہوئی تھی۔بدقسمت ماں ایک قہوہ خانے کے قریب گاڑی کھڑی کرکے کچھ سامان منگوا رہی تھی۔ اسی دوران 40سالہ شہری وہاں آیا ۔ اس نے زبردستی بچے کو ماں کی گود سے چھینا اور دُکان کا شیشہ توڑ کر اس سے بچے کی گردن تن سے جُدا کردی۔

(جاری ہے)

وہاں ایک پولیس اہلکار بھی موجود تھا جس نے بچے کو بچانے کی خاطر ملزم سے ہاتھا پائی کی، مگر ملزم نے اُس پر حملہ آور ہوکر اُسے شدید زخمی کر ڈالا۔

بعد میں وہاں موجود کئی افراد نے اس بپھرے ہوئے قاتل کو قابو کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ شخص ذہنی مریض ہے اور علاج مکمل ہونے سے قبل اسے چھوڑدیا گیا تھا۔واقعے کے حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ التلال محلے کے قہوہ خانے میں بہت سے لوگ بیٹھے خوش گپیوں میں مصروف تھے۔ اچانک ایک شخص قہوہ خانے کے باہر کھڑے ماں اور بچے کے پاس آیا۔ زبردستی ماں سے بچہ چھین کر قریبی دُکان کا شیشہ توڑا اور اس شیشے کی نوک کو بچے کی گردن کی پچھلی جانب پھیر کر اُسے دھڑ سے الگ کر دیا۔ یہ منظر دیکھ کر قہوہ خانے اور آس پاس موجود لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔ بہت سے لوگ یہ خوفناک منظر دیکھ کر موقع سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ پولیس کے مطابق یہ شخص سعودی باشندہ ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں