پاکستانی حاجی کا حج کا خواب ٹُوٹنے سے بچ گیا

مدینہ منورہ میں دِل کا دورہ پڑنے سے حاجی کی مناسکِ حج مکمل کرنے کی اُمیدیں تقریباً ختم ہو گئی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 2 اگست 2019 12:37

پاکستانی حاجی کا حج کا خواب ٹُوٹنے سے بچ گیا
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اگست 2019ء) اس وقت سعودی عرب میں حج کی غرض سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی پہنچ چکے ہیں اور ابھی ان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر حاجی کے دِل میں یہی خواہش ہے کہ اُس کا حج خیر و عافیت کے ساتھ مکمل ہو جائے۔ تاہم ایک پاکستانی حاجی کو اُس وقت اپنی یہ خواہش ادھوری رہنے کا خوف پیدا ہو گیا جب مدینہ منورہ میں زیارت کے دوران اچانک اُس پر دِل کا دورہ پڑا۔

اُردو نیوز کے مطابق اس حاجی کو فوری طور پر ہارٹ سرجری کے مرکز میں منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے اُس کی انجیو گرافی کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی حج مشن نے بھی اُس کے اہلِ خانہ کو یہ بُری خبر سُنا دی تھی کہ وہ مناسکِ حج ادا کرنے کے قابل نہیں رہا۔ یہ حاجی عمر میں پچاس سال کے لگ بھگ ہے۔ اُس کا زندگی بھر کا خواب اُسے پُورا ہونے سے رُکتا نظر آیا ۔

(جاری ہے)

اُس نے سوچا کہ ساری عمر اُس نے حج کرنے کی خواہش میں گزار دی اور جب اس خواہش کی تکمیل میں صرف چند روز رہ گئے تھے اور وہ منزل کے قریب بھی پہنچ گیا تھا تو اُس کے ساتھ یہ بدقسمت واقعہ ہو گیا۔

حاجی کے ساتھ مقیم اُس کی بیوی بھی سخت پریشانی میں گھر گئی تھی۔ خاوند کے بغیر حج ادا کرنا اُسے بہت مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم مدینہ میں واقع سرجری سنٹر کے قابل ڈاکٹرز نے اس پاکستانی عازم کی اُمیدوں کو اس وقت دوبارہ سے زندہ کر دیا جب انہوں نے اُس کی فوری طور پر ہارٹ سرجری کر دی ۔جب بیوی اپنے شوہر کو ملنے آئی سی یو پہنچی تو ڈاکٹروں نے اُسے یہ خوش خبری دی کہ اُس کے شوہر کے دِل کا آپریشن کامیاب ہو گیا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام مناسکِ حج معمول کے مطابق ادا کریں گے۔ پاکستانی عازم ِ حج کو گزشتہ سوموار کے روز اسپتال سے فارغ کر دیا جو کہ اب دوبارہ سے مدینہ اور اس کے آس پاس موجود مقدس مقامات کی زیارتیں کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں