جذبہ ایمانی سے سرشار برطانوی مسلمانوں کا گروپ سائیکلوں پر سعودی عرب پہنچ گیا

سائیکل سوار برطانوی عازمین نے حج کی سعادت حاصل کرنے پر سائیکلوں پر 6500 کلومیٹر کا طویل سفر کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 7 اگست 2019 14:27

جذبہ ایمانی سے سرشار برطانوی مسلمانوں کا گروپ سائیکلوں پر سعودی عرب پہنچ گیا
مدینہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7اگست 2019ء) اگر دِل میں ایمان کی حرارت اور روشنی ہو تو فاصلے، مشکلات اور مصائب کوئی معنی نہیں رکھتے۔ ایسے ہی بھرپور عزم و حوصلے سے بھرپور چند برطانوی مسلمان نوجوان ہیں۔ جنہوں نے اس بار حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے۔ برطانوی مسلمانوں کا یہ گروپ لندن سے مقدس زیارت کے لیے سائیکلوں پر سوار ہوا اور چھے ہفتے تک سائیکلنگ کر کے بالآخر مدینہ منورہ پہنچ گیا۔

اس طویل سفر کے دوران انہوں نے 6500 کلومیٹر تک سائیکل چلائی۔ جذبہ ایمانی سے سرشار ان برطانوی عازمین حج کے سعودی مملکت پہنچنے پر حکام نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر دف بجائی گئی اور گلاب کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ اس کے علاوہ ان کی عربی قہوہ، کھجور اور آب زم زم سے بھی تواضع کی گئی۔

(جاری ہے)

برطانوی سائیکل سوار زائرین نے اپنی حج زیارت کا آغاز مسجد نبوی پر حاضری دے کر شروع کیا۔

جس کے بعد وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکّہ معظمہ روانہ ہو گئے ہیں۔ برطانوی عازمین نے سعودی حکام کی جانب سے اپنے پُرجوش استقبال کو بہت شاندار قرار دیا اور ضیوف الرحمان کو مہیا کی جانے والی خدمات کو مثالی قرار دیا۔ایک برطانوی زائر کا کہنا تھا کہ خادمین حرمین شریفین کی جانب سے گزشتہ چند سالوں کے دوران حاجیوں کو دی جانے والی بے پناہ سہولیات کے باعث اب فریضہ حج ماضی کی نسبت بہت زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ برطانوی سائیکل سواروں کے نزدیک اس سائیکلنگ ٹور کا مقصد اُن ممالک میں اسلام کے امن پسند اور رواداری سے بھرپور تشخص کو سامنے لانا تھا، جہاں جہاں سے یہ سائیکل سوار گزرے تھے۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں