مدینہ منورہ میں سعودی شہری کے نام پر ریستوران چلانے والا افغانی گرفتار کر لیا گیا

وزارت تجارت کو اطلاع دینے والے شہری کو قانون کے مطابق 15 ہزار ریال انعام دے دِیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 فروری 2020 14:07

مدینہ منورہ میں سعودی شہری کے نام پر ریستوران چلانے والا افغانی گرفتار کر لیا گیا
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12فروری 2020ء) وزارت تجارت نے سعودی شہری کی آڑ میں ریستوران کا کاروبار کرنے والے افغان تارکِ وطن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ افغانی باشندہ ایک سعودی کفیل کے ہاں ملازم تھا ۔ بعد میں اُس نے کفیل کو اعتماد میں لے کر اپنا ریستوران کھول دیا، جس کا مالک سعودی کفیل کو ہی ظاہر کیا گیا تھا۔

اُردو نیوز کے مطابق افغانی باشندے نے سعودی شہری کو مالک ظاہر کر کے ریستوران شروع کیا تھا۔ اس ریستوران میں ایک سعودی شہری بھی کھانا کھانے آتا تھا۔ اُسے شک ہوا کہ یہ ریستوران سعودی کا نہیں بلکہ افغانی کی ملکیت ہے۔ جس کے بعد اُس نے وزارت تجارت و صنعت کو اطلاع کر دی۔ وزارت کی انسپکشن ٹیم نے نگرانی شروع کی اور الزامات ثابت ہونے کے بعد افغانی باشندے کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ریستوران بند کرنے کے بعد سعودی شہری اور افغان باشندے کے خلاف مقدمہ چلایا گیا۔ الزام ثابت ہونے کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 30 ہزار ریال کے جرمانے عائد کیے۔ افغانی شہری کو مملکت سے بے دخل کر دیا گیا اور اس پر مملکت میں داخلے پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جبکہ سعودی کفیل کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا اور اس کے خرچے پر ہی اس کی مقامی اخبار میں تشہیر بھی کروائی گئی ہے۔

جبکہ اطلاع دینے والے سعودی شہری کو قانون کے تحت عائد کیے گئے جرمانوں کی 30 فیصد رقم انعام کے طور پر بھی دی گئی ہے۔ جو کہ 15 ہزار ریال بنتی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سکاکا میں ایک سعودی کی ملی بھْگت سے اْس کے نام سے اپنا ریستوران چلانے والے اْردنی شہری کی مقامی اخبارات میں تشہیر کرا دی گئی ہے۔یہ اْردنی شہری علی الزریقات ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ چلا رہا تھااور اس کا مالک ایک سعودی کو ظاہر کر رکھا تھا۔

عدالت نے الزام ثابت ہونے پر اْردنی شہری کو تین ماہ قید، ریسٹورنٹ کی بندش اور مملکت سے بے دخلی اور آئندہ داخلے پر پابندی کی سزا سْنا دی۔ایک اور کارروائی میں شامی شہری حمد الابراہیم کو 80ہزار ریال جرمانے، کاروبار کی بندش، مملکت سے بے دخلی اور بلیک لسٹ کیے جانے کی سزا سْنائی گئی۔شامی شہری ایک سعودی شہری فیصل بن حماد الحارثی کے نام سے ریاض میں ٹھیکے داری کا کام کر رہا تھا۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں