سعودی عرب: مسجد نبوی کی پارکنگ بند کر دی گئی

انتظامیہ کے مطابق یہ عارضی پابندی زائرین کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے عائد کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 مارچ 2020 12:19

سعودی عرب: مسجد نبوی کی پارکنگ بند کر دی گئی
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مارچ 2020ء) حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے مسجد نبوی کی پارکنگ بند کر دی گئی ہے۔ سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق گزشتہ روز جمعرات کو بعد از نماز مغرب مسجد نبوی کی پارکنگ زائرین کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ پابندی عارضی طور پر لگائی گئی ہے، انتظامیہ کے ترجمان جمعان بن عبداللہ العسیری نے بتایا کہ پارکنگ پر یہ پابندی گزشتہ رات مغرب کی نماز کے بعد عارضی طور پر لگائی ہے۔

جس کا مقصد زائرین کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کے روز نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد نبوی کے کمپلیکس میں جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ زائرین کے لیے آب زم زم کا بھی بندوبست ہے۔

(جاری ہے)

دیگر مساجد میں نماز جمعہ کی پابندی کے باعث آج جمعہ کی نماز کے لیے مسجد نبوی میں لوگوں کا بڑا اجتماع ہو گا۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیل جانے کے بعد حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد نبوی شریف میں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کی سطح کو مزید بلند کر دیا ہے۔اس سلسلے میں مسجد نبوی کے اندر جراثیم کش مواد کے ساتھ صفائی کا عمل بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کام میں جدید ترین آلات اور مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ مسجد نبوی میں پانی کے کولروں ، گلاسوں اور قالینوں کو دن بھر میں دس مرتبہ صاف کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح نماز کے لیے بچھے قالینوں کی صفوں کے درمیان 1.5 میٹر کا فاصلہ کر دیا گیا ہے تا کہ امراض کے پھیلاوٴ پر روک لگائی جا سکے۔ مسجد نبوی کے فرش کو جراثیم کش اور خوشبو دار مواد کے ذریعے روزانہ چھ مرتبہ دھونا، توسیع کے علاقوں میں داخلی راستوں پر جراثیم کش مواد کا چھڑکاوٴ، نمازیوں کی صفوں کے قالینوں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا اور مسجد کے اندر ایئر کنڈیشنر کی جالیوں اور روشن دانوں کی خصوصی صفائی شامل ہے۔

حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مسجد حرام اور مسجد نبوی کو جراثیم سے پاک رکھنے اور ان کی تطہیر کے لیے 3500 اہل کار مامور کیے ہیں۔جبکہ روضہ مبارک کو بقیہ مسجد سے علاحدہ کرنے والے برآمدوں میں نماز کی ادائیگی پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ برآمدے مسجد نبوی کی پرانی تعمیر کا حصہ ہیں۔ اس تعمیر کا مجموعی رقبہ 16 ہزار مربع میٹر ہے۔ پانچوں نمازوں کے وقت مسجد نبوی کے امام کا داخلہ اور جنازے کی موجودگی مذکورہ پابندی سے مستثنی ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں