اس بار رمضان میں مسجد نبوی میں افطار دستر خوان نہیں سجیں گے

مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث افطار دستر خوان معطل کر دیئے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 اپریل 2020 11:19

اس بار رمضان میں مسجد نبوی میں افطار دستر خوان نہیں سجیں گے
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اپریل 2020ء ) سعودی عرب بھی ان ممالک میں شامل ہیں جہاں اب ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں کورونا کے نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ مملکت میں اس موذی وبا پر قابو پانے کے لیے کرفیو اور لاک ڈاؤن سمیت کئی اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں بھی عام لوگوں کے لیے نماز کی ادائیگی پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ چند روز قبل یہ اعلان بھی سامنے آیا تھا کہ اس بار حرمین شریفین سمیت تمام مساجد میں تروایح نہیں پڑھائی جائے گی۔ مسجد نبوی میں ہر سال افطار دسترخوان سجتا ہے، جس سے لاکھوں لوگ مستفید ہوتے ہیں۔ تاہم اب کی بار کورونا وائرس کی وبا کے باعث افطار دسترخوان نہیں لگیں گے۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے اطلاع دی ہے کہ امسال رمضان کے دوران مسجد نبوی میں افطار دستر خوان نہیں لگائے جائیں گے- یہ فیصلہ نئے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ نے افطار دستر خوان لگانے والوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’ہمیں احساس ہے کہ آپ حضرات خیر و برکت کے مہینے میں اجر و ثواب کی نیت سے روزہ داروں کو افطار کرانے کے لیے دستر خوان کا اہتمام کرتے ہیں۔ہم آپ کے علم میں یہ بات لانا چاہتے ہیں کہ سال رواں 1441 ھ کے ماہ رمضان کے دوران مسجد نبوی میں افطار دستر خوان کا پروگرام عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے- یہ فیصلہ کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والے حالات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

“ واضح رہے کہ مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں افطار دسترخوان کے لیے مروجہ قانون کے تحت اجازت حاصل کرنا لازمی ہوتی ہے جس کا اندراج ماہ شعبان کے آغاز سے ہی کردیا جاتا ہے، اجازت نامے کے بغیر مسجد نبوی کے اندرونی صحنوں میں افطاری درسترخوان نہیں لگایا جا سکتا۔مسجد نبوی الشریف کے اندرونی صحن میں افطاری کرانے کے لیے مخصوص اشیا جن میں کھجور، قہوہ، دہی یا لسی اور مخصوص روٹی جیسے ’شریک‘ کہا جاتا ہے کی ہی اجازت ہوتی ہے جبکہ مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحنوں میں دیگر اشیا لانے کی اجازت ہوتی ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں