سعودی عرب کی طبی تاریخ کا انوکھا واقعہ

پانچ ماہ سے کومے میں پڑی خاتون نے بچے کو جنم دے دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 مئی 2020 15:21

سعودی عرب کی طبی تاریخ کا انوکھا واقعہ
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مئی 2020ء) اللہ تعالیٰ کی حکمت بہت نرالی ہے، وہ اپنی قدرت کے ایسے ایسے رنگ دکھا دیتا ہے کہ انسان کی محدود عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ قدرت کی مہربانی کا ایک ایسا ہی ایک واقعہ سعودی عرب میں بھی پیش آیا ہے جہاں گزشتہ پانچ ماہ سے کوما کی شکار خاتون نے ایک بچے کو جنم دیا ہے جو کہ بالکل صحت مند ہے۔کومے میں گھِری خاتون پچھلے سات ماہ سے حاملہ تھی، ڈاکٹرز اس خاتون کی متوقع زچگی پر پوری نظر رکھے ہوئے تھے۔

خاتون کی دماغی صورت حال کے پیش نظر ڈاکٹرز نے سات ماہ کے حمل کے بعد ہی آپریشن کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد خاتون نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا ہے۔ کومے کی شکار خاتون مدینہ کے کنگ فہد جنرل ہسپتال میں گزشتہ پانچ ماہ سے زیر علاج ہے۔اس پیچیدہ آپریشن کے لیے مدینہ کے تین ہسپتالوں پر مشتمل ڈاکٹرز کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے بہت احتیاط اور طبی تقاضوں کے ساتھ یہ آپریشن انجام دیا۔

(جاری ہے)

سبق نیوز ویب سائٹ کے مطابق 30 سالہ سعودی خاتون کی گا ڑی کو پانچ ماہ قبل ایک خوفناک حادثہ پیش آیاتھا، جس کے نتیجے میں وہ بُری طرح زخمی ہو گئی تھی اور اس کے پھیپھڑے بھی متاثر ہو ئے تھے، جس کا اس کے دماغ پر اثر پڑنے سے وہ کومے میں چلی گئی تھی۔ حادثے کے وقت سعودی خاتون دو ماہ کی حاملہ تھی۔ خاتون کو کنگ فہد جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ گزشتہ پانچ ماہ سے وینٹی لیٹر پر ہے اور اس کی حالت میں کوئی خاص سُدھار نہیں آیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق آپریشن کے بعد زچہ اور بچہ کی حالت تسلّی بخش ہے۔ خاتون کے گھر والوں کی جانب سے اس پریشان کُن صورت حال میں بچے کی پیدائش پر بہت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جہاں اللہ کا شکر ادا کیا گیا، وہیں قبل ڈاکٹرز کی محنت اور لگن کو بھی کافی سراہا گیا ہے۔ اہلِ خانہ کی جانب سے اس اُمید کا اظہار کیا گیا ہے کہ خاتون بھی جلد از جلد مکمل صحت یاب ہو جائے گی، اور اپنے بیٹے کو اپنے بازوؤں میں سمیٹ کر ڈھیر خوشی محسوس کرے گی۔ 

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں