سعودی عرب میں مسجد نبویﷺ کو عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے مسجد نبویﷺ سمیت دیگر مساجد عام نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 31 مئی 2020 10:34

سعودی عرب میں مسجد نبویﷺ کو عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2020ء) سعودی عرب میں مسجد نبویﷺ کو عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے مسجد نبویﷺ سمیت دیگر مساجد عام نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وبا پھیلنے کے بعد جب لاک ڈاؤن کیا گیا تھا تو مملکت میں تمام مساجد کو بھی بند کردیا گیا تھا۔

مملکت میں مکمل لاک ڈاؤن تھا۔ تقریباََ ڈھائی ماہ تک جاری رہنے والے لاک ڈاؤن میں اب نرمی کی جارہی ہے۔ معولاتِ زندگی بحال ہونے لگے ہیں اور چند روز قبل مملکت میں اکثر مساجد کو جمعہ کی نماز کیلئے کھول دیا گیا تھا، اس کے بعد باقی نمازوں کیلئے بھی مساجد کو کھولا جانے لگا تاہم مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ بند رہیں۔

(جاری ہے)

اب خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے مسجد نبویﷺ کو بھی عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے، اس کے ساتھ دیگر اور مساجد کو بھی کھولا گیا ہے۔

مسجد نبویﷺ حفاظتی تدابیر کے ساتھ مرحلہ وار کھول دی گئی ہے۔ اس سے قبل سعودی حکومت نے 26 مئی کو اعلان کیا تھا کہ ملک بھر کی تمام مساجد جمعہ اور دیگر فرض نمازوں کے لیے اتوار 31 مئی سے کھول دی جائیں گی البتہ اس سلسلے میں مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کا تذکرہ نہیں کیا گیا تھا کیونکہ اسلامی دنیا کی یہ دونوں مقدس مساجد جمعہ اور دیگر فرض نمازوں کے لیے مسلسل کھلی ہوئی ہیں، یہاں عام نمازیوں کی آمد پر پابندی تھی اور دونوں مساجد کا عملہ اور سکیورٹی فورس کے اہلکار ان میں نمازیں ادا کر رہے تھے۔

اب مسجد نبویﷺ کو کھول عام نمازیوں کیلئے بھی کھول دیا گیا ہے تاہم ابھی مسجد الحرام کو کھولنے سے متعلق فیصلہ نہیں کیا گیا۔ سعودی عرب میں آج سے تمام بینک اور ترسیلات زر کے مراکز کھول دیے گئے ہیں۔ تمام بینکس معمول کے مطابق کھلیں گے، کرفیو کے دوران بینک کے ملازمین کو خصوصی پاس بھی دیے جائیں گے ۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں