مکہ مکرمہ میں واٹر ٹینک سے پاکستانی لڑکی کی نعش برآمد

رہائشی بلڈنگ میں مقیم افراد نے پانی میں سے شدید بدبو آنے کی شکایت کی تھی، واٹر ٹینک کھولنے پر اس میں سے لڑکی کی لاش مِلی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 جون 2020 11:13

مکہ مکرمہ میں واٹر ٹینک سے پاکستانی لڑکی کی نعش برآمد
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جون 2020ء) مکہ مکرمہ میں ایک زیر زمین واٹر ٹینک سے پاکستانی لڑکی کی لاش ملی ہے جس نے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق مکہ کی پولیس کو عمارت کے زیر زمین واٹر ٹینک سے غیر ملکی لڑکی کی نعش ملی ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق مکہ کے علاقے الفیحا کی تین منزلہ عمارت میں رہائش پذیر افراد نے پانی میں شدید بو کی شکایت کی جس پر عمارت کے نگران نے ٹینک صاف کرنے والی کمپنی کو بلایا تا کہ زیر زمین واٹر ٹینک کی صفائی کی جا سکے۔

صفائی کمپنی کے اہلکاروں نے ٹینک سے پانی نکالا اور ٹینک کا معائنہ کیا تو وہاں ایک لڑکی کی نعش ملی جو کسی حد تک پانی میں رہنے کی وجہ سے گل گئی تھی۔عمارت کے مکینوں نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جنہوں نے نعش اپنی تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے نعش متعلقہ ادارے کے حوالے کر دی ہے جبکہ وقوعہ کے بارے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

سبق نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ نعش پاکستانی لڑکی کی ہے۔دوسری جانب وزارت داخلہ کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے ہے کہ لڑکی بے خیالی میں واٹرٹینک میں گرگئی تھی جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔تاہم پولیس کی جانب سے اس واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ امکان ہے کہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق کم سن لڑکی کافی عرصہ سے سعودی مملکت میں مقیم تھی۔ 

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں