”میں اپنی سعودی شہریت چھوڑ رہا ہوں، یہ میرا ملک نہیں ہے“

مدینہ کے رہائشی نے مکان مسمار کرنے کا نوٹس ملنے کے بعد جذباتی ویڈیو پوسٹ کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 ستمبر 2020 15:32

”میں اپنی سعودی شہریت چھوڑ رہا ہوں، یہ میرا ملک نہیں ہے“
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 ستمبر2020ء) مدینہ منورہ کے رہائشی نوجوان کی سوشل میڈیا پرایک انتہائی جذباتی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس نے اپنا مکان گرائے جانے کا نوٹس ملنے پر سعودی شہریت چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنی اس ویڈیو میں نوجوان نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ”میں اپنی سعودی شہریت ترک کر رہا ہوں۔ کیونکہ مجھ سے یہاں پر کام کرنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

جبکہ یہ لوگ ہمیں کہتے ہیں ’یہ تمہاری دھرتی ہے‘۔ نہیں، یہ ہم لوگوں کی دھرتی نہیں ہے۔ “سعودی شخص نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ اس کا گھر اس کی مرضی کے بغیر مسمار کر دیا جائے گا ۔ اس لیے اس نے سعودی نیشنلٹی چھوڑنے کا ارادہ بنا لیا ہے۔ مدینہ منورہ کی انتظامیہ کی جانب سے اسے بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے گھر کا قبضہ چھوڑ دے۔

(جاری ہے)

کیونکہ وہ اس کا گھر عنقریب گرانے والے ہیں۔

اپنے بچوں کو یہاں سے نکال لو۔نوجوان نے درد بھری آواز میں کہا ” میں اپنے بچوں کو کہاں لے کر جاؤں؟“یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو گئی ہے۔ کئی اور لوگوں نے بھی یہی دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بھی گھر خالی کرنے کو کہا گیا ہے۔ سعودی ویب سائٹ ’سبق‘ کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں فریاد کرنے والا نوجوان جس گھر میں مقیم ہے ، وہ زمین اس کی ملکیت نہیں ہے۔

 
حکومتی ذرائع کے مطابق اس شخص نے اپنی ویڈیو میں لوگوں کو حقائق مسخ کر کے بتائے ہیں اور انہیں مشتعل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ لوگوں کی ہمدردیاں بٹور سکے، اس نے اپنا گھر سرکاری زمین پر قبضہ کر کے بنایا گیاہے۔ حالیہ دنوں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سعودی فرمانرا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے اپیل کی تھی کہ وہ مداخلت کر کے بہت سارے سعودی قصبوں میں مکانوں کو مسمار کرنے کا سلسلہ رکوا دیں۔ تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مکانات سرکاری زمینوں پربنائے گئے ہیں، اس لیے انہیں مسمار کیا جا رہا ہے۔ 

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں