روضہ شریف 7ماہ بعد کھُلنے پر انتہائی جذباتی مناظراور رقت آمیز مناظر سامنے آ گئے

نبی کریم کے روضہ پر حاضری دینے والے کئی نمازی شدتِ جذبات سے رو پڑے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اکتوبر 2020 11:12

روضہ شریف 7ماہ بعد کھُلنے پر انتہائی جذباتی مناظراور رقت آمیز مناظر سامنے آ گئے
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) کورونا کی وبا کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے روضہ نبوی کو بند کر دیا گیا تھا اور یہاں پر نماز پڑھنے کا سلسلہ بھی معطل ہو گیا تھا۔ اُمتِ محمدی کے ماننے والے لاکھوں افراد روضہ مقدس کی زیارت کو کئی ماہ سے ترس گئے تھے اور اپنی نمازوں میں روزانہ دُعائیں مانگتے تھے کہ انہیں ایک بار پھر روضہ رسول کی زیارت نصیب ہو جائے اور وہ روضہ کے احاطے میں نماز پڑھنے کی سعادت بھی حاصل کر سکیں۔

گزشتہ روز روضہ اطہر کو جب سات ماہ کی بندش کے بعد کھولا گیا تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے کو آئے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق روضہ اطہر میں نمازپڑھنے اور سلام پیش کرنے کے لیے آئے مسلمانوں میں سے کئی لوگ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
روضہ شریف کی کئی ماہ بعد زیارت ہونے پر سینکڑوں آنکھیں چھلک گئیں ۔

(جاری ہے)

کئی افراد خوشی کے مارے رونے لگ پڑے۔

یہ تمام مناظر کیمرے کی آنکھ میں بھی محفوظ ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ روضہ نبوی کوگزشتہ روز زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے جس کے بعد سینکڑوں افراد کویہاں نماز پڑھنے کی بھی اجازت ہو گی۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق روضہ شریف میں نماز اور روضہ اطہر پر حاضری کے لیے اوقات کا تعین کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق روزانہ 11,880 افراد روضہ اطہر پر حاضری دے سکیں گے تاہم روضہ شریف پر روزانہ صرف 1,650 مردوں کو نمازادا کرنے کی اجازت ہو گی۔

فجر، ظہر، عصر اور مغرب کی نمازوں کے بعدزائرین روضہ اطہر میں نماز ادا کر سکیں گے اوراسی دوران انہیں روضہ پردن میں چار بار حاضری کا موقع دیا جائے گا۔ جبکہ خواتین کو روضہ شریفہ میں سورج طلوع ہونے کے وقت سے لے کر ظہر کی نماز تک روضہ اطہر پر جانے کی اجازت ہو گی۔ روزانہ 900 خواتین روضہ شریف پر نماز ادا کر سکیں گی۔ باب السلام صحن نمبر ایک کو زیارت پر آئے مردوں کے داخلے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔

باب بلال صحن 38 سے روضہ شریف پر حاضری دینے کے لیے آئے مردوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ جبکہ روضہ اطہر کی زیارت کے لیے آنے والی خواتین باب عثمان صحن 24 سے اندر داخل ہو سکیں گی۔ ان کے علاوہ کسی اور پوائنٹ سے مسجد نبوی میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ مسجد نبوی عشاء کی نماز کے بعد بند کر دی جائے گی اور فجر کی نماز سے ایک گھنٹہ قبل کھولی جائے گی۔ نمازِ پنجگانہ اور جمعے کی نماز صرف روضہ شریفہ اور مسجد نبوی کے پرانے حصے میں ہی ادا کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں