رمضان المبارک میں مسجد نبوی تراویح کے بعد بند کردی جائے گی

مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق نمازفجر سے دو گھنٹے پہلے مسجد کو کھولا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 مارچ 2021 17:25

رمضان المبارک میں مسجد نبوی تراویح کے بعد بند کردی جائے گی
 مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 مارچ 2020ء) رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد میں اب چند ہفتے ہی بچے ہیں۔ اس حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی تراویح کے آدھے گھنٹے بعد بند ہوگی اور نماز فجر سے دو گھنٹے پہلے کھولی جائے گی ۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال رمضان کا آپریشنل پروگرام تیار کرلیا گیا ہے۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے منظوری دے دی ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی تراویح کے آدھے گھنٹے بعد بند کردی جائے گی جبکہ اذان فجر سے دو گھنٹے قبل کھولی جائے گی البتہ رمضان المبارک کے آخری دس دن اس سے مستثنی ہوں گے۔

(جاری ہے)

مبارک مہینے کے ا?خری عشرے میں مسجد چوبیس گھنٹے کھلی رہے گی۔آخری دس دنوں میں مسجد نبوی کے سارے صحنوں، چھتوں، دالانوں کو کھول دیا جائے گا۔ ہر جگہ زائرین نماز ادا کرسکیں گے۔ البتہ مسجد نبوی کی پرانی عمارت اور روضہ شریفہ مسجد کے کارکنان اور جنازوں کے شرکا تک محدود رہیں گے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر السدیس نے رمضان آپریشنل پروگرام کے حوالے سے گرین سگنل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کووڈ 19 نئے کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد سے لے کر اب تک جو کامیابیاں پے درپے حاصل کی ہیں ہمیں اس کا سلسلہ آگے بڑھانا ہے۔

غیرمعمولی حالات میں غیر معمولی خدمات نئے انداز سے پیش کرنا ہوں گی۔رمضان آپریشنل پروگرام کے مطابق 45 ہزار نمازیوں کے لیے کورونا سے بچاوٴ کے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔مسجد نبوی کے نئے مغربی صحنوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا جہاں مزید 15 ہزار نمازیوں کو عبادت کا موقع ملے گا- اس طرح مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے دوران ایک وقت میں 60 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں