رمضان کے دوران مسجد نبوی میں داخلے کے لیے نئی شرائط کا اعلان ہو گیا

ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے اور کورونا سے شفایاب افراد داخل ہو سکیں گے، افطار کھجور پانی تک محدود ہوگا، سحری کی تقسیم نہیں ہوگی، اعتکاف پر بھی پابندی ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اپریل 2021 13:51

رمضان کے دوران مسجد نبوی میں داخلے کے لیے نئی شرائط کا اعلان ہو گیا
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اپریل 2021ء) مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے دوران داخلے اور عبادات سے متعلق نئی شرائط کا اعلان ہو گیا ہے۔ روضہ شریف میں صرف انہی افراد کو نماز اور زیارت کی اجازت ہو گی جنہوں نے کورونا کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں، یا پہلی خوراک لیے 14 دن گزر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کو بھی داخلے کی اجازت ہو گی۔

اُردو نیوز کے مطابق مسجد نبوی آنے والوں کی ویکسی نیشن کی صورت حال توکلنا ایپ کے ذریعے چیک کی جائے گی۔ اس سال افطار طور پر کیا جائے گا جو صرف کھجور اور پانی تک محدود رہے گا۔ افطار کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی کروائی جائے گی۔ انتظامیہ نے رمضان کے دوران نمازیوں اور زائرین میں روزانہ ایک لاکھ آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کرنے کا انتظام کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

مسجد نبوی کی پرانی عمارت میں 450 قالین بچھائے جا رہے ہیں۔ قالینوں کی سینیٹائزنگ اور ایک نماز سے دوسری نماز اور ایک زیارت سے دوسری زیارت کے وقفے کے دوران سینیٹائزنگ ہنگامی بنیادوں پر ہوگی۔
مسجد نبوی کے کسی بھی حصے میں رمضان کے دوران زائرین اور نمازیوں میں سحری کی تقسیم پر پابندی ہوگی۔ آخری عشرے میں اعتکاف بھی نہیں ہوگا۔

مسجد نبوی کے نئے صحنوں میں نماز ہوگی۔ نمازیوں اور زائرین کی سلامتی کی خاطر دن کے وقت سورج کی تپش کے پیش نظر نئے صحنوں میں نمازیوں کی قافلہ بندی نہیں ہوگی۔مسجد نبوی کے صحنوں اور راہداریوں میں زائرین اور نمازیوں کو منظم شکل میں آنے جانے دیا جائے گا۔ 15 برس سے کم عمر کے بچوں کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسجد نبوی کی پارکنگ سے نکلتے وقت ’موقف ایپ‘ استعمال کرنا ہوگی۔مسجد نبوی کی انتظامیہ نے سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹ کا انتظام کیا ہے۔ اس سے زائرین کی صحت و سلامتی متاثر نہیں ہوگی۔ ٹیکنیکل عملہ سمارٹ روبوٹ کو کنٹرول کرے گا جس سے مقررہ وقت میں سینیٹائزنگ کا عمل مکمل ہوگا۔ 

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں