بغیر اجازت نامہ کوئی بھی شخص عمرہ نہیں کر سکے گا

سعودی حکام نے مکہ اور مدینہ کے تمام راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد کئی گُنا بڑھا دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 13 اپریل 2021 12:48

بغیر اجازت نامہ کوئی بھی شخص عمرہ نہیں کر سکے گا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اپریل2021ء) سعودی عرب میں رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ساتھ ہی محفوظ عمرہ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کا مقصد عمرہ زائرین کی تعداد کو محدود رکھ کر کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ اس مقصد کے لیے سیکیورٹی مضبوط حصار قائم کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بغیر اجازت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

اُردو نیوز کے مطابق روڈ سیکیورٹی سپیشل فورس کے کمانڈر میجر جنرل عبدالعزیز المسعد نے کہا ہے کہ روڈ سیکیورٹی فورس نے محفوظ عمرے کے لیے سپیشل پروگرام تیار کیا ہے۔ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ دو نکاتی پروگرام کے تحت اجازت نامہ نہ رکھنے والے کسی بھی شخص کو مکہ مکرمہ چیک پوسٹوں تک رسائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسرا نکتہ یہ ہے کہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ جانے والے تمام راستوں پر ٹریفک اور سیکیورٹی کا معیار بہتر کیا گیا ہے۔

جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور انہیں افرادی قوت اور ضروری آلات سے لیس کیا گیا ہے۔ ٹریفک حادثے کا باعث بننے والی خلاف ورزیوں کو قابو کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے کام لیا جارہا ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر انتظار کا وقفہ کم کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹریکس کی تعداد بڑھائی گئی ہے جبکہ مکہ مکرمہ کے باہر عمرہ زائرین کے لیے خصوصی ٹریک قائم کیے گئے ہیں۔

شاہراہوں پر گشت کے لیے متعلقہ دستوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ اس کا اہم فائدہ یہ ہوگا کہ اگر کہیں کوئی حادثہ رونما ہوتا ہے یا کوئی خلاف قانون صورتحال سامنے آتی ہے تو ایسی صورت میں شکایات کو پہلی فرصت میں نمٹایا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ممنوعہ اوقات میں ٹرکوں کو شاہراہوں سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی اس پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرکوں کے ڈرائیوروں سے متبادل راستے اختیار کرائے جائیں گے۔ مکہ مکرمہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی متعدد اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں