مسجد الحرام کے بعد مسجد نبوی میں بھی درجنوں خواتین سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دی گئیں

فوجی ٹریننگ حاصل کرنے والی یہ خواتین اہلکار زائرین کی ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی کی نگرانی کرتی ہیں اور ان کی رہنمائی بھی کرتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 اپریل 2021 12:09

مسجد الحرام کے بعد مسجد نبوی میں بھی درجنوں خواتین سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دی گئیں
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 اپریل2021ء) گزشتہ دنوں مسجد الحرام میں خواتین سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کی خبریں دُنیا بھر میں وائرل ہو گئی تھیں۔ خواتین اہلکاروں کی تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین نے بہت سراہا تھا اور اسے وقت کی ضرورت اور خواتین زائرین کے لیے بڑی سہولت قرار دیا تھا۔ اسلامی تاریخ میں پہلی بار خانہ کعبہ میں خواتین سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی خبر بہت زیادہ پھیل گئی ہے۔

تاہم اب مسجد نبوی میں بھی خواتین سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دی گئی ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق مجموعی طور پر 113 خواتین اہلکاروں کو چھ ماہ قابل خصوصی ٹریننگ دینے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ خواتین سعودیہ کی سپیشل سیکیورٹی فورسز کی ہوم لینڈ سیکیورٹی برانچ کے ماتحت ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین اہلکاروں کی ڈیوٹی بانٹ دی گئی ہیں۔

جو چوبیس گھنٹے مسجد الحرام اور مسجد میں اپنے فرائض انجام دیتی ہیں۔ یہ خواتین زائرین کی مرہم پٹی کر سکتی ہیں۔ انہیں عربی اور انگریزی زبان پر عبور حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ان کے وقتاً فوقتاً فٹنس ٹیسٹ بھی لیے جاتے ہیں۔ یہ خواتین اپنا تحفظ کرنے اور اسلحہ استعمال کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔ ایسی ہی ایک سعودی خاتون اہلکار 27 سالہ ہنان الرشید کا کہنا تھا کہ وہ مسجد نبوی میں تعیناتی کو اپنے لیے بہت بڑی سعادت سمجھتی ہے۔

اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرنا اس کے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ وہ اس پر جتنا فخر کرے، کم ہے۔ ہنان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی موجود حکومت نے مقامی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ خواتین کو تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہیں بہت سارے ایسے حقوق حاصل ہوئے ہیں جو پہلے کبھی نہیں ملے تھے۔

دوسری جانب مسجد نبوی میں رمضان کے آخری عشرے میں عبادت گزاروں کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس آخری عشرے میں لاکھوں افراد کی آمد متوقع ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نمازیوں اور عمرہ زائرین کی صحت کے تحفظ کو لیے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ اس آخری عشرے کی طاق راتوں میں لیلة القدر آتی ہے جو برکتوں سے بھری رات ہے۔ قرآن مجید پہلی بار اسی رات کو نازل ہوا تھا۔ اس رات کی عبادت کا ثواب ایک ہزار راتوں کی عبادت سے بڑھ کر ہے۔ اس لیے سعودیہ میں مقیم افراد کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ رمضان کے آخری عشرے میں رات کی یہ عبادت مسجد الحرام یا مسجد نبوی میں کریں۔ کیونکہ یہاں پر عبادت کی فضیلت باقی تمام مساجد سے بڑھ کر ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں