مسجد نبوی میں آج شب ختم قرآن مجید ہوگا، اس موقع پر خصوصی دُعا کرائی جائے گی

آج آخری طاق رات ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے، مسجد نبوی کی انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کر لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 مئی 2021 14:38

مسجد نبوی میں آج شب ختم قرآن مجید ہوگا، اس موقع پر خصوصی دُعا کرائی جائے گی
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی2021ء) اہلِ اسلام کی خوش نصیبی ہے کہ انہیں ایک اور رمضان المبارک کا مقدس مہینہ نصیب ہوا جس میں انہوں نے روزے اور عبادتوں کے ذریعے اپنے رب کی رضا حاصل کرنے کے لیے اپنی جانب سے بھرپور جتن کیے ہیں۔ بے شک رب اپنے گڑگڑانے اور سچے دل سے توبہ کرنے والے بندوں کو کبھی مایوس نہیں کرتا ہے۔ رمضان المبارک کا آخری عشرہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

کیونکہ اس آخری عشرے کی طاق راتوں میں ہی لیلة القدر موجود ہے، اس ایک رات کی عبادت ہی ہزار راتوں کی عبادت پر افضل ہے۔ آج رات کوسعودی عرب میں رمضان کا 29 واں روزہ شروع ہو جائے گا۔ اس لحاظ سے یہ رمضان کی آخری طاق رات ہو گی۔ مسجد نبوی میں آج قیام اللیل کی عبادت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ آخری طاق رات ہونے کی وجہ سے مسجد نبوی میں لاکھوں فرزندانِ توحید کی آمد متوقع ہے۔

آج کی رات اس لیے بھی اہم ہے کہ رمضان میں تراویح اور تہجد کے دوران ختم قرآن مجید کے حوالے سے خصوصی دُعا بھی کرائی جائے گی۔ اس جامع دُعا میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی تھی۔ چونکہ گزشتہ سال مملکت میں کورونا وبا کے باعث عائد کرفیو کے دوران مساجد بند تھیں۔ جن میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی بھی شامل تھیں۔
اس وجہ سے لوگ یہاں پر قیام اللیل کی عبادات ممکن نہ ہو پائی تھیں۔

تاہم اس بار کورونا وبا خاصی حد تک قابو میں ہونے کے باعث ایس او پیز کے ساتھ مساجد میں باجماعت نماز، تراویح اور قیام اللیل کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کے ترجمان جمعان العسیری نے بتایا ہے کہ آئندہ دو طاق راتوں (27 ویں اور 29 ویں) کے لیے بہترین منصوبہ وضع کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کے ماتحت تمام شعبوں اور مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت میں شریک اداروں کے درمیان نظم و نسق عمل میں آیا ہے۔

العسیری نے بتایا کہ مسجد نبوی، اس کے صحنوں اور چھت کو نمازیوں کے استقبال کے لیے تیار کر لیا ہے۔نمازیوں کی سہولت کے لیے قالین، آب زمزم اور مناسب طور ٹھنڈا ماحول فراہم کرنے کے لیے مطلوبہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ نمازیوں کے داخل ہونے اور باہر آنے کا عمل آسان بنانے کے لیے مسجد نبوی کے دروازوں پر تیاری کر لی گئی ہے۔ مسجد نبوی کے صحن میں نئے کارپٹ بچھا دیئے گئے ، کارپٹ بچھانے کے عمل میں مسجد نبوی کے خدمت گاروں نے حصہ لیا، سبز رنگ کے یہ کارپٹ مسجد کی خوبصورتی اورماحول کو چار چاند لگا رہے ہیں۔تمام افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماسک کا لازمی استعمال کریں اور اپنی جائے نماز ہمراہ لائیں۔ 

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں