مسجد نبوی میں موجود زائرین پر ابرِ رحمت برس پڑا

بارش کے دوران مسجد نبوی میں کے مناظر کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو گئیں، زائرین سخت گرمی کے موسم میں اس ربی کرم پر سربسجود ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 مئی 2021 11:57

مسجد نبوی میں موجود زائرین پر ابرِ رحمت برس پڑا
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 مئی 2021ء ) سعودی عرب میں ایک بار پھر خوب بارش ہوئی ہے۔ اللہ کی یہ رحمت مدینہ منورہ میں بھی خوب گرج چمک کے ساتھ نازل ہوئی۔ جس سے مدینہ منورہ کا گرم موسم خوشگوار ہو گیا اور مسجد نبوی میں اللہ کے محبوب پیغمبرﷺ کے روضہ کی زیارت کو آئے کلمہ گوبھی خوشی سے نہال ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ میں گذشتہ شام (پیر) موسلا دھار بارش ہوئی۔

اس حوالے سے وڈیو کلپوں میں مسجد نبوی شریف اور اس کے صحنوں میں تیز بارش ہوتی نظر آ رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مدینہ منورہ سمیت مملکت کے متعدد علاقوں میں مختلف درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔آج کے روز بھی مدینہ میں بارش ہو سکتی ہے۔ صارفین سوشل میڈیا پر ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو یہاں آنے کی سعادت نصیب فرمائے۔

(جاری ہے)

وائرل ہونے والے ان مناظر سے روحانی تسکین کی کیفیات کو صاف دیکھا جا سکتا ہے۔خواتین، مرد نمازی اور معتمرین اس گرمی کے موسم میں بارش کی صورت میں اپنے مالک کی اس کرم نوازی پر اس کا ڈھیر شکریہ ادا کرتے رہے۔ کیونکہ حالیہ بارشوں سے مدینہ منورہ میں گرمی خاصی کم ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل مسجد الحرام میں بھی خوب بارش ہوئی تھی۔ عمرہ زائرین نے بارش کے دوران ہی طواف کیااور دیگر مناسک بھی ادا کیے تھے۔

کئی افراد برستی بارش میں سجدہ ریز ہو گئے اور کچھ دعاوٴں میں بھی مصرف نظر آئے۔ ان خوبصورت مناظر کی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ عمرہ زائرین نے بارش کے دوران ہی نماز بھی ادا کی تھی۔اس موقع پر نمازیوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیاتھا۔اس موقع پر جاری ہونے والی تصاویر میں کوئی فرزند توحید سجدے میں تھا تو کوئی قیام میں اور کوئی رکوع کر رہا تھا۔ ایک طرف تو زائرین اور نمازی موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے تو دوسری جانب انتظامیہ کے 4 ہزار رضا کاروں نے صحن کو صاف اورخشک رکھنے کے لیے مسلسل اپنا کام جاری رکھا۔حرم مکی کے صحن کو خشک رکھنے اور پانی ہٹانے کے لیے 470 آلات اور مشینوں کا بھی استعمال کیا گیا۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں