سعودی عرب میں عید الاضحی کی صبح ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آگیا

مدینہ منورہ روڈ پر پیش آنے والے حادثے میں 10 افراد زخمی، کچھ کی حالت نازک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 جولائی 2021 11:26

سعودی عرب میں عید الاضحی کی صبح ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آگیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 جولائی 2021ء ) سعودی عرب میں آج عید الاضحٰی بھرپور مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ یہ تہوار خوشی بانٹنے اور سمیٹنے کا تہوار ہے ۔ ہر کوئی خوش نظر آتا ہے۔ تاہم اگر ایسے موقع پر کوئی ہولناک واقعہ ہو جائے تو ہنسے مسکراتے چہروں پر اُداسی پھیل جاتی ہے ۔ ایسا ہی ایک واقعہ آج عید کی صبح سویرے پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں اور کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

سعودی ویب سائٹ ’سبق‘ کے مطابق آج مدینہ منورہ روڈ پر کبری ثول کے قریب ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں کچھ شدید زخمی ہیں۔ سعودی ہلال احمر کے آپریشنز روم کو جیسے ہی اس واقعے کی اطلاع ملی تو طبی امداد کی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

طبی اہلکاروں کے مطابق یہ حادثہ شدید تھا جس کی وجہ سے کئی افراد جائے حادثہ پر بہت زیادہ زخمی دکھائی دیئے اور کچھ معمولی زخمی تھے۔

حادثے کے متاثرین کو طبی امداد دینے کے بعد شدید زخمی افراد کو خلیص جنرل ہسپتال اور کنگ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کی بہترین نگہداشت کر رہے ہیں۔ زخمیوں کی حالت کے پیش نظر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے فضائی ایمبولینس بھی استعمال میں لائی گئی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل محایل عسیر کے علاقے میں ابہاروڈ پر ایک ٹر ک نے سگنل پر کھڑی گاڑیوں کو رونڈ ڈالا تھا۔

جس کی وجہ سے تین افراد کی موت واقع ہو گئی تھی اور ایک شدید زخمی ہوا تھا۔ اس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں میں ایک پاکستانی بھی شامل تھا۔ گاڑیوں میں موجود جو افراد کُچلے جانے کے باعث جاں بحق ہوئے تھے ان میں48 سالہ پاکستانی شامل تھا۔ اس کے علاوہ 37 سالہ فلپائنی اور 74 سالہ سعودی شہری بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ جبکہ ایک شدید زخمی کا تعلق مصر سے ہے۔

اس 52 سالہ شخص کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ اس حادثے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس سے اس حادثے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق یہ واقعہ اضرس سگنل پر اس وقت پیش آیا جب سگنل کھلنے ہی والا تھا کہ اسی دوران پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹرک آیا۔جو ان کھڑی ہوئی گاڑیوں پر چڑھ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں یہ گاڑیاں بْری طرح پھس گئیں۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق یہ حادثہ ٹریک کی بریک اچانک فیل ہو جانے کی وجہ سے پیش آیا تھا۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں