نئے اسلامی سال کی آمد کے بعد مسجد نبوی میں پہلی نماز جمعہ ادا کر دی گئی

پہلی نماز جمعہ کے ایمان پرور سامنے آ گئے، مسجد کے صحن اور گیلریاں بھی نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 اگست 2021 10:10

نئے اسلامی سال کی آمد کے بعد مسجد نبوی میں پہلی نماز جمعہ ادا کر دی گئی
مدینہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2021ء) اب سے چند روز قبل نئے اسلامی سال 1443ھ کا آغاز ہو چکا ہے۔ سعودی عرب میں رواج ہے کہ نئے سال کے پہلے جمعے کی نماز بہت مذہبی جوش و خروش سے ادا کی جاتی ہے۔ اس موقع پر مساجد لوگوں سے بھر جاتی ہیں ۔ خصوصاً مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے تمام احاطے نمازیوں سے کھچا کھچ بھر جاتے ہیں۔ اس بار بھی نئے اسلامی سال 1443کے پہلے جمعہ کے موقع پرہزاروں مسلمانوں نے مسجد نبوی میں حاضری دی اور نئے سال کی پہلی نماز ادا کی۔

اس موقع پر مسجد نبوی نمازیوں سے بالکل بھری ہوئی تھی۔ مسجد کے صحن اور گیلریوں میں بھی نمازی عبادت کرتے نظر آئے جو کورونا کیسز میں کمی آنے پر رب کا شکر ادا کر رہے تھے اور ان کے چہرے طمانیت اور سکون سے بھرپور تھے۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نماز سے قبل نمازیوں کوتاکید کی گئی تھی کہ وہ وبا کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل کریں۔

(جاری ہے)

نماز کے درمیان سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کرایا گیا۔ جمعہ کی ادائیگی کے بعد نمازیوں نے عالم اسلام کی برتری، مصائب میں گھری انسانیت کی بہتری اور دُنیا بھر سے کورونا کے مکمل خاتمے کی دعائیں مانگیں۔ انتظامیہ نے مسجد نبوی میں نمازیوں کی زیادہ تعداد کی آمد کے پیش نظر صحت کے حوالے سے ضروری اقدامات کر رکھے تھے۔واضح رہے کہ غیر ملکی عمرہ زائرین کے قافلے بھی مسجد الحرام اور مسجد نبوی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے حرمین شریفین کی رونقیں اور زیادہ بڑھ گئی ہیں۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں