روضہ رسول ﷺ پر حاضری مزید آسان

سعودی عرب نے بکنگ کے 2 نئے طریقے متعارف کرادیئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 جنوری 2025 14:23

روضہ رسول ﷺ پر حاضری مزید آسان
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جنوری 2025ء ) سعودی عرب نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری کی بکنگ کیلئے 2 نئے طریقے متعارف کرادیئے۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کے تجربے کو بڑھانے کی کوشش میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری کی بکنگ آسان بناتے ہوئے اس میں دو نئے طریقے شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، جو نسک ایپ کے ذریعے قابل رسائی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پہلا طریقہ ایک فوری بکنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کے تحت مسجد نبوی ﷺ میں زائرین کی تعداد کے ساتھ مشروط کرتے ہوئے سال بھر روضہ رسول ﷺ کے متعدد دوروں کی اجازت ہوگی جب کہ دوسرا آپشن ویٹ لسٹ کا ایسا طریقہ کار ہے جو زائرین کو فوری بکنگ موجود نہ ہونے کی صورت میں پہلے دستیاب وقت میں فوری رجسٹر کرنے کے قابل بناتا ہے، سلاٹ کھلنے کے بعد نوٹی فکیشن موصول ہوگا جس سے وہ اپنی بکنگ کی تصدیق کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ نسک ایپ وزارت حج و عمرہ کے زیر انتظام ایسا پلیٹ فاریم ہے جس کے ذریعے دو مقدس مساجد میں عمرہ، نماز اور زیارت کے لیے داخلے کے اجازت ناموں کے حصول کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، یہ پلیٹ فارم حکام کی طرف سے مقرر کردہ صلاحیت کے ضوابط کی پابندی کرتا ہے، صحت اور تنظیمی احتیاطی تدابیر کو برقرار رکھتے ہوئے زائرین کے لیے محفوظ اور منظم تجربہ کو یقینی بناتا ہے۔

مزید برآں نسک ایپ عمرہ کی شیڈولنگ اور مسجد نبوی ﷺ کے دورے کے حوالے سے بین الاقوامی زائرین کے لیے ویزہ درخواستوں کو آسان بناتی ہے جس کے لیے یہ ایپ 24/7 قابل رسائی الیکٹرانک طریقہ کار کی پیشکش کرتی ہے، ایپ سٹور اور گوگل پلے دونوں پر دستیاب نسک پلیٹ فارم صارفین کو عمرہ پیکجز بک کرنے اور الیکٹرانک طریقے سے متعدد پروگرام دیکھنے کی بھی اجازت دیتا ہے جس سے زائرین کرام کو ایک ہموار تجربہ ملتا ہے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں