سعودی عرب کے نجی اداروں سے گزشتہ 6 ماہ میں غیر ملکی ملازمین نے 94.7 ارب ریال کمائے

Sadia Abbas سعدیہ عباس بدھ 18 اکتوبر 2017 12:13

سعودی عرب کے نجی اداروں سے گزشتہ 6 ماہ میں غیر ملکی ملازمین نے 94.7 ارب ریال کمائے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2017ء) مقامی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کے نجی اداروں نے 6 ماہ کے دوران غیر ملکی کارکنان کو تنخواہ کے طور پر 94.7 ارب ریال ادا کئے جبکہ 60.3 ارب ریال سعودی شہریوں نے وصول کیے۔ اس حساب سےغیر ملکیوں نے 61 فیصد اور سعودیوں نے 39 فیصد ریال وصول کئے۔ یہ اعداد و شمار رواں سال 2017 کے پہلی چھے ماہ کے ہیں۔

گزشتہ سال 2016ءکے پہلے چھ ماہ کی نسبت اس سال غیر ملکی کارکنان کو تنخواہ کے طور پر 700 ملین ریال زیادہ دیئے گئے۔ سعودی شہریوں کو دی جانے والی رقم میں بھی 500 ملین ریال کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی ملازمین کو دی جانے والی رقم میں اضافے کے باوجود دیکھا گیا ہےکہ نجی اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع کے مطابق نجی اداروں کے 45 فیصد سعودی ملازمین کی تنخواہیں 3000 ریال سے زیادہ نہیں ہے جبکہ 42 فیصد کی اوسط تنخواہ 3000 سے 10ہزار ریال کے درمیان ہے اور 10ہزار ریال سے زیادہ تنخواہ پانے والے سعودی ملازمین کا تناسب صرف 13 فیصد ہے۔ اس کے بر عکس نجی اداروں میں کام کرنے والے غیرملکیوں کی 88 فیصد تعداد ایسی ہے جنکی تنخواہ 3 ہزار ریال سے بھی کم ہے اور 3 ہزار سے 10 ہزار ریال کے درمیان تنخواہ پانے والے غیر ملکی ملازمین کا تناسب صرف 9 فیصد ہے جبکہ اس سے زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والے ملازمین کا تناسب 3 فیصد ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں