سعودی عرب ، غیر ملکی پر 3 سعودی شہریوں کا تشدد

Sadia Abbas سعدیہ عباس منگل 20 مارچ 2018 14:28

سعودی عرب ، غیر ملکی پر 3 سعودی شہریوں کا تشدد
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ2018ء) سعودی پولیس نے غیر ملکی کو زدوکوب کرکے نقدرقم اور قیمتی اشیاءچھیننے والے 3 سعودیوں کو گرفتار کر لیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ریاض کے مشرقی علاقے السلی سے پولیس کے کنٹرول روم میں ایک شہری کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی کہ بعض نامعلو م افراد نے راہ چلتے ہوئے غیر ملکی کو روکا اور اس سے زبردستی نقد رقم ، موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔

ملزمان نے غیر ملکی کو زدوکوب بھی کیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت پر مامور اہلکاروں کو ملزمان کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے انکی گرفتار ی کا حکم دیا ۔ پولیس کو ملزمان کی واردات کی وڈیو بھی موصول ہو گئی تھی جو شہری نے دور سے بنائی تھی ۔

(جاری ہے)

وڈیو کے سبب ملزمان کو گرفتار کرنے میں سہولت ہوئی ۔ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی روکی جس میں 2 افراد سوار تھے جن کے حلیے ملزمان سے ملتے تھے ۔

اہلکار نے شک کی بنیاد پر ان کی تلاشی لی تو انکے قبضے سے غیر ملکی سے چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد ہو گیا ۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جنہوں نے اپنے تیسرے ساتھی کی بھی نشاندہی کروادی ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے مزیدتحقیقات جاری ہیں انکی عمریں 20 برس کے قریب ہیں ۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں