ریاض: پاکستانی عالم ایک بار پھر سعودی ولی عہد کی حمایت میں بول پڑے

علامہ طاہر اشرفی نے خادمِ حرمین شریفین کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو آڑے ہاتھ لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 دسمبر 2018 15:29

ریاض: پاکستانی عالم ایک بار پھر سعودی ولی عہد کی حمایت میں بول پڑے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر2018ء ) سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر اس وقت سعودی حکومت شدید تنقید کی زد میں ہے ، جبکہ بین الاقوامی میڈیا کا ایک گروہ اس قتل کے لیے براہِ راست سعودی لی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے۔ پاکستان کے ممتاز عالم دِین اور پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر اشرفی سعودی مملکت پر اس مشکل گھڑی میں اْن کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر سعودی ولی عہد کی حمایت میں بیان داغ دیا ہے۔ اپنے حالیہ بیان میں اُن کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے عداوت کرنے والا پاگل ہے۔ مُسلم اُمّہ کے نوجوان شہزادہ محمد بن سلمان سے گہری محبت رکھتے ہیں اور اُنہیں اپنا بھائی اور امیر خیال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد بن سلمان ایک کوہِ گراں کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ اُن کے مخالفین کی حیثیت اُن کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے دْنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خاشقجی قتل معاملے پر سعودی مملکت کے دْشمنوں کے وظیفہ خواروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی جھوٹی معلومات کو کاٹھ کباڑ سے زیادہ اہمیت نہ دیں اور انہیں سراسر نظر انداز کر دیں۔ علامہ اشرفی نے کہا ہے کہ اب جبکہ تْرک حکام نے پْرزور طریقے سے ان افواہوں کی تردید کر دی ہے جن میں خاشقجی قتل کی ذمہ داری سعودی ولی عہد پر عائد کی گئی تھی، اس کے بعد سعودی حکمرانوں پر بے جا تنقید کا سلسلہ بند ہو جانا چاہیے۔

کسی پر من گھڑت الزام لگانے سے قبل ہزار بار سوچنا چاہیے۔علامہ اشرفی نے اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے اس بیان کی مکمل حمایت کی جس میں الجبیر نے تْرک حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ اگر اْن کے پاس خاشقجی کے قتل سے متعلق کوئی شواہد موجود ہیں تو وہ مملکت کے حوالے کیے جائیں۔ علامہ اشرفی نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان اور اْن کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خلاف اسلام دْشمن طاقتیں سرگرم ہو چکی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر اشرفی نے ان خیالات کا اظہار اتحاد بین المسلمین عالمی کانفرنس کے موقع پر کیا جس کے ویڈیو کلپ کو سعودی صحافی امجد طہٰ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیا۔ جسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔ آپ بھی اس حمایتی بیان کی ویڈیو ملاحظہ کیجیے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں