ریاض: الدرعیہ میں فارمولا ای ریس کا انعقاد آج ہوگا

40 ہزار سے زائد مُلکی و غیر مُلکی شائقین اس ریس سے لطف اندوز ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 دسمبر 2018 14:55

ریاض: الدرعیہ میں فارمولا ای ریس کا انعقاد آج ہوگا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر2018ء ) سعودی عرب کے تاریخی اہمیت کے حامل علاقے الدرعیہ میں آج پہلی بار فارمولا ای ریس کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ اس نوعیت کی ریس مشرقِ وسطیٰ میں پہلی بار منعقد ہو رہی ہے اور یہ منفرد اعزاز سعودی مملکت کے حصّے میں آیا ہے۔ 2495 کلومیٹر پر محیط اس ریس میں 22 گاڑیاں حصّہ لیں گی، جس کا ریسنگ ٹریک الدرعیہ کی تاریخی شہر کی دیواروں کے اطراف میں ہی بنایا گیا ہے۔

اس منفرد ریس سے محظوظ ہونے کے لیے مملکت میں موجود افراد کے علاوہ دُنیا بھر سے بھی ہزاروں شائقینِ ریس پہنچ چکے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس وقت 40 ہزار کے قریب شائقین الدرعیہ میں موجود ہیں، اور آج شام کو شروع ہونے والی ریس کے بے تابی سے منتظر ہیں۔اس فارمولا ای ریس سیٹلائٹ کے ذریعے دُنیا بھر کے مختلف چینلز بھی دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

جس کے باعث تقریباً آٹھ کروڑ افراد اس سنسنی خیز ریس کے لمحے لمحے سے لطف اُٹھائیں گے۔

اس ریس کے موقع پر کئی دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز جمعے کی دوپہر کوافتتاحی تقریب کا آغاز ہوا، جس میں کئی بین الاقوامی موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس فارمولا ای ریس میں دو سعودی ڈرائیور احمد بن حنین اور بندر العیسائی بھی شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ جن کی حوصلہ افزائی کے لیے ہزاروں سعودی بھی موجود ہیں۔اس حوالے سے اسپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے 10 برس تک کے لیے اس ریس کی میزبانی کا معاہدہ کر لیا ہے ، جس کے باعث سعودی عرب میں غیر مُلکی سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ مِلے گا۔ واضح رہے کہ الدرعیہ سعودی ریاست کا ابتدائی دارالحکومت بھی رہ چکا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں