ریاض: ایجار پروگرام میں مفت رجسٹریشن کی سہولت کی میعاد ختم ہو گئی

مفت اندراج کی معیاد کے دوران 3000 کرایہ ناموں کی رجسٹریشن کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 فروری 2019 15:25

ریاض: ایجار پروگرام میں مفت رجسٹریشن کی سہولت کی میعاد ختم ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2019ء) وزارت ہاؤسنگ کے ترجمان سیف السویلم نے معروف سعودی اخبار عکاظ سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ ایجار پروگرام کے تحت مفت اندراج کی مہلت ختم ہو چکی ہے۔مکان مالکان کے لیے شروع کی گئی ایجار سروس کے آغاز میں مکان مالکان کو کرایہ ناموں کے بلا معاوضہ اندراج کی سہولت دی گئی جس کے تحت مکان مالکان نے تین ہزار سے زائد کرایہ ناموں کا اندراج کرایا۔

تاہم اب مفت اندراج کی یہ سکیم اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے جس کے بعد ضوابط کے تحت کرایہ ناموں کے اندراج کی فیس ادا کرنا ہو گی۔ سیف السویلم نے رہائشی عمارات کے مالکان کو تاکید کی کہ وہ پہلی فرصت میں ایجار پروگرام میں اپنا اندراج کروائیں۔ جبکہ کرایہ پر مکان حاصل کرنے والوں کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ آن لائن کرایہ نامہ حاصل کریں۔

(جاری ہے)

ایجار پروگرام کے تحت روزانہ 1100 کرایہ ناموں کا اندراج کیا جا رہا ہے، آئندہ دِنوں میں کرایہ ناموں کی فی روز گنتی میں اضافے کا امکان ہے۔

سیف السویلم نے بتایا کہ ایجار پروگرام کے باعث کرایہ ناموں کے اندراج سے فریقین کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکا ہے۔ اب کوئی بھی مالک مکان اپنے کرایہ داروں کا استحصال نہیں کر سکتا۔ اسی طرح کرایہ داروں کی جانب سے مالک مکان کو واجبات کی ادائیگی کے معاملات کا بھی تدارک ہو سکے گا۔اس پروگرام میں مکانات کے کرایوں کا تعین رقبے کے علاوہ پیش کی جانے والی خدمات کی بناء پر کیا جاتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تجارتی کرایہ ناموں کا اندراج بھی کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ایجار پروگرام میں کرایہ نامے کی رجسٹریشن لیبر کارڈ کی تجدید کروانے کے لیے لازمی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں