سعودی تاریخ میں پہلی بارخلیجی ممالک کی خواتین کا فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد ہونے جا رہا ہے

اس ناک آؤٹ ٹورنامنٹ میں خواتین کی 16 ٹیمیں حصہ لیں گی

جمعہ 15 فروری 2019 12:46

سعودی تاریخ میں پہلی بارخلیجی ممالک کی خواتین کا فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد ہونے جا رہا ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2019ء ) سعودی عرب میں گزشتہ چند ماہ سے خواتین کے لیے دھڑا دھڑ خوش خبریاں آ رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک اور خبر سپورٹس کے حوالے سے سُنائی گئی ہے۔ سعودی تاریخ میں پہلی بار پہلے گلف ویمنز فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ خلیجی خواتین کا یہ اولین ٹورنامنٹ سعودی فیڈریشن فار کمیونٹی سپورٹس کی جانب سے منعقد کروایا جائے گا۔

یکم مارچ 2019ء سے 6 مارچ 2019ء تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں خواتین کی سولہ ٹیمیں ناک آؤٹ سسٹم کی بنیاد پر حصّہ لیں۔ اس ٹورنامنٹ کا ماٹو ’فٹ بال ہمیں متحد رکھتا ہے‘ ہے۔ یہ ٹورنامنٹ الخوبار سپورٹس سٹی کے گرین ہال میں منعقد ہو گا۔خواتین کے اس سپورٹس ایونٹ میں سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور اومان کے خواتین فٹ بال کلبز حصّہ لیں گے۔

(جاری ہے)

اس ٹورنانٹ میں سعودی عرب سے شرکت کرنے والے کلبز کے نام الشُعالا الشرقیہ، الیمامہ، لورڈز، یونائیٹڈ ایگلز، جدہ ایگلز اور کِنگز یونین ہیں۔ اس ایونٹ کا انعقاد کرانے والی کمپنیوں میں سے ایک کمپنی کی جنرل مینجر ثناء العتیق نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پچاس کے قریب سعودی خواتین کی میوزیکل پرفارمنس بھی ہو گی۔ اس افتتاحی تقریب کے بعد دو فٹ بال میچز ہوں گے۔

جبکہ اگلے آنے والے دِنوں میں ہر روز چار میچز کھیلے جائیں گے۔ اس فٹ بال ٹورنامنٹ کے علاوہ ٹینس، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے بھی ہوں گے۔ جبکہ آؤٹ ڈور میں بچوں کی گیمز اوردیگر صحت مندانہ کھیلیں کرائی جائیں گی۔ اس ایونٹ کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ یہ پروگرامز صرف خواتین کے لیے ہی نہیں، بلکہ فیملیز کے لیے بھی ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں