سعودی مملکت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی

سیلابی ریلے کی زد میں آ کر چار افراد جان سے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 فروری 2019 13:12

سعودی مملکت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2019ء ) سعودی عرب میں اس بار بارشیں معمول سے ہٹ کر ہوئی ہیں جن کے باعث مملکت کے کئی نشیبی علاقے اور وادیوں میں سیلاب کی سی صورتِ حال بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دووران مملکت کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ اس بات کی اطلاع سعودی سول ڈیفنس کے ذرائع کی جانب سے دی گئی ہے۔

شہری دفاع کے مطابق مدینہ میں دو افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ دو افراد تبوک کے علاقے میں زندگی سے محروم ہو گئے۔ حالیہ دِنوں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث لوگوں کی اربوں روپے کی جائیداد کا نقصان ہوا ہے۔ مختلف میونسپل اداروں اور صوبائی حکومتوں نے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصان کا مجموعی تخمینہ لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ شہری دفاع کے مطابق مختلف امدادی سرگرمیوں کے دوران سیلاب میں پھنسے 154 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، 30 کے قریب افراد کو زمین بوس ہونے والے گھروں سے نکالا گیا جبکہ 98کے قریب لوگوں کو بارش کے باعث اُن کے مکان گِر پڑنے کے اندیشے کے تحت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

111 افراد کو مدینہ میں امدادی سہولت فراہم کی گئی، 29 کو حیل میں بچایا گیا، جدہ اور تبوک میں پانچ پانچ افراد کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ جوف اور قسیم میں 1، 1 شخص کی جان بچائی گئی۔ شہری دفاع کے مطابق ان دِنوں ہونے والی چاروں ہلاکتیں سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث ہوئیں۔ شہری دفاع کے مقامی اور غیر ملکی افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ حالیہ بارشوں کے دوران وادیوں میں پکنک اور کیمپنگ کی غرض سے نہ جائیں اور بارشوں کے باعث بننے والی مصنوعی جھیلوں میں تیراکی کی ہرگز کوشش نہ کریں۔ اس سے کوئی المناک انسانی سانحہ جنم لے سکتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں