سعودی مملکت میں ضوابط کی پابندی نہ کرنے والے حجاموں کی شامت آ گئی

صفائی سُتھرائی کے ناقص انتظامات اور صحت کارڈ نہ ہونے پر درجنوں دُکانیں بند

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 فروری 2019 13:03

سعودی مملکت میں ضوابط کی پابندی نہ کرنے والے حجاموں کی شامت آ گئی
تبوک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری 2019ء ) سعودی مملکت میں بیوٹی سیلونزاور باربر شاپس پر چھاپوں کی شدت میں تیزی آ گئی ہے۔ گزشتہ چند دِنوں میں تبوک میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے گزشتہ ماہ کے دوران نائیوں کی متعدد دُکانوں کے تفتیشی دورے کیے۔ میونسپلٹی انسپکٹرز نے اس دوران 280 باربر شاپس اور بیوٹی سیلونز کا معائنہ کیا۔ جن میں سے متعدد مقامات پر صحت و صفائی کے سنگین قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پائی گئی۔

میونسپلٹی کے ترجمان کے مطابق ان چھاپوں کے دوران صحت ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر 37 دُکانیں بند کی گئیں۔ 192 دُکانوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے جن سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم ایک لاکھ 15 ہزار ریال قومی خزانے میں جمع کروا دی گئی۔ اس دوران ایسے 55 نائی بھی گرفتار کیے گئے جن کے پاس صحت کارڈ نہیں تھے، اور اس طرح وہ غیر قانونی طور پر کاروبار کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ کچھ افراد کو اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے۔ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ان چھاپوں کا مقصد عوام کے صحت کے تحفظ کو یقینی بناناہے۔ آج کل بہت سے لوگ ہیپاٹائٹس جیسی بیماریوں کا اسی وجہ سے شکار ہو رہے ہیں کیونکہ وہ شیو یا حجامت کی غرض سے جس حجام کے پاس جاتے ہیں، وہ اُن پر دُوسرے شخص پر استعمال کردہ اوزار اچھی طرح سے دھوئے بغیر استعمال کرتا ہے۔ جس کے باعث ہیپاٹائٹس سے متاثرہ شخص کے جراثیم دیگر صحت مند افراد تک بھی منتقل ہو رہے ہیں۔ اس لیے عوام کی صحت کو لاحق ہونے والے خطرات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں