سعودی خواتین کی سڑک پر پڑے زخمی کی جان بچانے کی ویڈیو وائرل

خواتین کی بروقت طبی امداد کو مملکت میں حد درجہ سراہا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 فروری 2019 14:40

سعودی خواتین کی سڑک پر پڑے زخمی کی جان بچانے کی ویڈیو وائرل
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری 2019ء ) سعودی مملکت میں اس وقت دو مقامی خواتین سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکی ہیں۔ ان خواتین کی بروقت کارروائی نے ایک قریب المرگ شخص کو مرنے سے بچا لیا۔ تفصیلات کے مطابق حیل کے علاقے میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ جس میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ابھی ایمبولینسز کے آنے میں کافی وقت تھا۔ مگرحادثے کا شکار ایک شخص سڑک پر زخموں سے چُور پڑا ہوا تھا ۔

خدشہ تھا کہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث وہ دم توڑ جائے گا۔ یہ شدید زخمی شخص نیم بے ہوشی کی حالت میں اپنی زبان اتنے زور سے دانتوں کے درمیان چبا رہا تھا کہ اس کے سانس بند ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔ جب یہ منظر وہاں پر اپنی کار سے گزرتی دونوں خواتین نے دیکھا تو انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار انہوں نے موقعے کی سنگینی کو بھانپ کر فوری طور پر کچھ کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

پھر جو کچھ ہوا وہ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے دو برقعہ پوش خواتین اس شخص کوو اپنی زبان دانتوں تلے دبانے سے روک رہی ہیں، تاکہ اُس کی سانس کی آمد و رفت میں رکاوٹ نہ ہو۔ اسی دوران وہاں طبی امداد کا عملہ بھی آن پہنچا، جنہوں نے مِل کر اس شخص کی فوری جان بچا لی۔ اس دوران یہ ویڈیو بنانے والا شخص ان خواتین کے اس انسانیت پرست جذبے کو بڑے شاندار الفاظ میں سراہتا رہا۔ بعد میں زخمی شخص کو شاہ خالد ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اُس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔بعد میں پتا چلا کہ یہ دونوں خواتین ایک مقامی ہسپتال میں نرس کی ذمہ داری نبھاتی ہیں۔ جو ڈیوٹی آف کر کے گھر کو واپس جا رہی تھیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے اتنی مہارت سے متاثرہ شخص کو طبی امداد دی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں