سعودیوں کو انٹرنیٹ کے تیز بخار نے گھیر لیا

گزشتہ سال مملکت میں 15ملین ٹیرا بائٹ انٹرنیٹ استعمال کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 مارچ 2019 15:46

سعودیوں کو انٹرنیٹ کے تیز بخار نے گھیر لیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ 2019ء) سعودی عرب میں بھی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔ماضی میں قدامت پرستی کا علمبردار سعودی سماج گزشتہ چند سالوں سے تیزی سے جدیدیت کی جانب گامزن ہے۔ ایک جانب سعودی ولی عہد کے وژن 2030ء نے سعودی سماج میں انقلابی تبدیلیاں پیدا کی ہیں تو دُوسری جانب ٹیکنالوجی کی آمد نے بھی سعودیوں میں بڑا ذہنی انقلاب برپا کیا ہے۔

اس کی ایک مثال مملکت میں انٹرنیٹ کے استعمال کے اعداد و شمار ہیں۔ کمیونیکیشن بورڈ کے ایک ڈائریکٹر مفرح النہاری نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران سعودی عرب میں انٹرنیٹ کے استعمال میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت مملکت میں دو تہائی صارفین یومیہ 4 گھنٹے سے زائد انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال 2018ء کے دوران سعودی مملکت میں مقامی اورتارکین وطن صارفین کی جانب سے مجموعی طور پر 15 ملین ٹیرا بائٹ انٹرنیٹ استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

موبائل نیٹ ورک سے انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی گنتی 46 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ لینڈ لائن نیٹ ورک کے ذریعے 54 فیصد افراد نے انٹرنیٹ استعمال کیا۔ یہ انکشاف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن گراف پر منعقدہ سالانہ فورم کے دوران سامنے آیا۔ جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ کے چیئرمین اور وزیر مواصلات عبداللہ السواحہ نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ممتاز سعودی اور غیر مُلکی شخصیات اور قائدین بھی شریک ہوئے۔ حاضرین نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن کے شعبے کو جدید دور میں کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے سنگِ بنیاد قرار دِیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں