ریاض: اُونٹ ریس میں شرکت کرنے والی سعودی شہزادی کے دُنیا بھر میں چرچے

سعودی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون اُونٹ ریس میں حصّہ لے رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 مارچ 2019 16:16

ریاض: اُونٹ ریس میں شرکت کرنے والی سعودی شہزادی کے دُنیا بھر میں چرچے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء) خلیجی ممالک میں اُونٹ ریس ہزاروں سال سے مقبول ترین تفریح ہے۔ اُونٹ ریس کی مقبولیت جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بھی پہلے کی طرح قائم و دائم ہے۔ سعودی عرب میں اُونٹوں کی ریس ہمیشہ سے مردوں سے مخصوص رہی ہے۔ اس شعبے میں خواتین کی شرکت شجرِ ممنوعہ خیال کی جاتی رہی ہے، اسی وجہ سے صنفِ نازک میں اس منفرد تفریح سے متعلق شوق پروان نہیں چڑھ سکا۔

تاہم سعودی عرب میں خواتین کو گزشتہ ایک دو سالوں سے متواتر خوش خبریاں مِل رہی ہیں، مردوں کی بالا دستی والے شعبوں میں اب خواتین کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ اسی جدیدیت پسند سوچ کے زیر اثر سعودی خواتین نے تفریحی سرگرمیوں میں بھی مردوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے کمر کس لی ہے۔ اور خاتون بھی کوئی اور نہیں، سعودی عرب کی شہزادی جمیلہ بنت عبدالمجید بنت سعود ہیں۔

(جاری ہے)

شہزادی جمیلہ شہزادہ عبدالمجید کی صاحبزادی ہیں جو سعودی عرب کے سابق فرمانروا شاہ سعود مرحوم کے 19 ویں بیٹے ہیں۔ شہزادی جمیلہ اپنی گونا گوں صلاحیتوں کی بناء پر سعودی عرب میں جانا پہچانا نام ہیں۔وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑ ھ کر حصّہ لیتی ہیں اور اس مقصد کی خاطر کئی رفاہی انجمنوں کی سرپرستی بھی کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں سعودی خواتین کی نمائندگی میں بھی پیش پیش ہیں۔

شہزادی جمیلہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر نگرانی ریاض میں آج منعقد ہونے والی اونٹوں کی دوڑ میں حصّہ لے رہی ہیں۔ وہ سعودی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جو اس نوعیت کی ریس میں شریک ہیں۔ اس لحاظ سے وہ ایک منفرد اعزاز کی مالک بن گئی ہیں۔اس سے قبل وہ عالمی سطح پر گھڑ سواری اور دیگر مقابلوں میں بھی شرکت کرتی رہی ہیں۔ ’میکسموس‘ نامی عالمی شہرت یافتہ گھوڑا بھی انہی کی ملکیت ہے۔ شہزادی جمیلہ اس کے علاوہ بھی کئی صلاحیتوں کی حامل ہیں۔ وہ تجریدی آرٹ کی بھی بہت ماہر اور دلدادہ ہیں۔ اُن کے تجریدی فن پاروں کی نمائش جدہ میں بھی پیش کی جا چکی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں