سعودی عرب: 61 لاکھ سے زائد فرزندانِ توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی

اس بار بھی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 مئی 2019 12:45

سعودی عرب: 61 لاکھ سے زائد فرزندانِ توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 11 مئی 2019ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی یکم محرم الحرام سے لے کر اب تک 67 لاکھ سے زائد افراد کو عمرہ ویزہ جاری کیے جا چکے ہیں ، یہ شرح اسی مُدت کے دوران گزشتہ سال جاری کیے گئے ویزوں کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ اب تک 61 لاکھ سے زائد افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکّہ آ چکے ہیں۔

اس بار حج سیزن کا آغاز ستمبر کے وسط میں ہوا تھا۔ وزارت حج کے مطابق اس بار عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی گنتی ماضی کے مقابلے میں ایک ریکارڈ ہو گی۔ اب تک 55 لاکھ 89ہزار 537 افرادعمرہ کی سعادت حاصل کر کے وطن واپس جا چکے ہیں جبکہ مملکت میں موجودہ عمرہ زائرین کی گنتی 5 لاکھ 46 ہزار 602 ہے۔ معتمرین کا مکّہ میں اوسط قیام 13 دِن جبکہ مدینہ میں 8 دِن ہے۔

(جاری ہے)

معتمرین کی خدمات کے لیے اس وقت 10,533 سعودی اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں، جن میں سے مردوں کی گنتی 8,720 ہے جبکہ خواتین کی تعداد 1,813 ہے۔ وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ معتمرین کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔مملکت آنے والے پاکستانی زائرین کی اب تک کی گنتی 13 لاکھ 71 ہزار 544ہے۔ جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 9 لاکھ کے قریب ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے 5 لاکھ 95 ہزار سے زائد زائرین آئے ہیں۔ مصر سے آنے والوں کی گنتی 2 لاکھ 92 ہزار جبکہ ترکی کے معتمرین کی گنتی 2 لاکھ 74 ہزار سے زائد ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں