سعودی عرب کی سوشل میڈیا سٹار 9 سالہ بچی اللہ کو پیاری ہو گئی

سنیپ سٹار بچی دانا القحطانی کی ناگہانی موت دِل کا دورہ پڑنے سے ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 14 مئی 2019 13:16

سعودی عرب کی سوشل میڈیا سٹار 9 سالہ بچی اللہ کو پیاری ہو گئی
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،14 مئی 2019ء) مشہور سوشل میڈیا اسٹار بچی دانا القحطانی دُنیا سے رخصت ہو گئی۔9 سالہ بچی کی وفات دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔ سعودی نژاد دانا کی موت کی خبر نے سوشل میڈیا صارفین کو سوگوار کر دیا اور یہ غمزدہ خبر آناً فاناپُورے خطے میں پھیل گئی۔ خصوصاً ٹویٹر پر اس حوالے سے بہت غم اور اُداسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

دانا کی مشہوری کی وجہ اُس کا سنیپ چیٹ اکاﺅنٹ تھا جو وہ اپنی دیگر دو بہنوں دن اور غناطی کے ساتھ شیئر کرتی تھی۔ اس اکاﺅنٹ پر وہ اپنے گھر پر والدین کے ساتھ روزمرہ کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کر کے ویڈیو یا تصویروں کی صورت میں پوسٹ کرتے تھے۔ دانا کے غمزدہ والد القحطانی نے اپنی بیٹی کی وفات کی اطلاع سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر دی۔

(جاری ہے)

القحطانی نے بتایا کہ اُس کی بیٹی کو اچانک دِل کا دورہ پڑا جس پر اُسے قریبی ہسپتال لے جایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکی اور خالق حقیقی سے جا مِلی۔

دانا کی آخری ویڈیو اُس کے والد کی جانب سے اُس کی موت کی اطلاع دینے سے صرف ایک گھنٹہ قبل پوسٹ کی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں دانا اپنے والد اور بہنوں کے ساتھ ایک شاپنگ مال میں دیکھی جا سکتی تھی۔ جبکہ ایک ویڈیو میں دانا کا والد اُسے شرارت سے تنگ کر رہا ہے کہ وہ اُن کے ساتھ شاپنگ مال نہیں جائے گی، بلکہ گھر پر ہی رُکے گی۔ سوشل میڈیا صارفین نے ننھی بچی کی اچانک موت پر بہت غم کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دُعا کی ہے کہ اُس کے والدین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دانا کو ایک ذہین اور دلچسپ بچی قرار دیا گیا ۔ جس کی مزے دار باتوں سے وہ بہت محظوظ ہوتے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں