سعودی تنظیم کا کرائسٹ چرچ کے پاکستانی شہید کے خاندان کو گھر دینے کا اعلان

زخمیوں اور شہداءکے لواحقین کو رواں سال حج بھی کرایا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 20 مئی 2019 11:04

سعودی تنظیم کا کرائسٹ چرچ کے پاکستانی شہید کے خاندان کو گھر دینے کا اعلان
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 مئی 2019ء) نیوز ایجنسی این این آئی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے فلاحی گروپ کی جانب سے کرائسٹ چرچ کی مسجد النور میں آسٹریلوی دہشت گرد کے ہاتھوں شہید ہونے والے دو افراد کے خاندانوں کو گھر خرید کر دیا جائے گا۔ ان دونوں شہیدوں میں پاکستانی نعیم راشد کے لواحقین کے علاوہ شام سے تعلق رکھنے والے شہید کے لواحقین بھی شامل ہیں۔

شام سے تعلق رکھنے والی فیملی کے رکن خالد مصطفی اورحمزہ مصطفی بھی مسجد النور میں فائرنگ کے واقعہ میں شہید ہو گئے تھے۔ سعودی گروپ ’مسلم ورلڈ لیگ‘ نے اعلان کیا ہے کہ کرائسٹ چرچ دہشت گردی واقعے کے زخمیوں اور باقی شہداءکے لواحقین کو رواں سال حج بھی کرایا جائے گا۔ مسلم ورلڈ لیگ کے ریجنل ڈائریکٹر مصحب ایبن نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے اس اقدام کا مقصد کرائسٹ چرچ کی مسلم کمیونٹی کو متحد و مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آئندہ اگست میں تمام متاثرین اُن کے فلاحی ادارے کی جانب سے حج کے لیے تیار ہوں گے، تاہم جو لوگ زخموں سے صحت یاب نہ ہو پائے، اُنہیں اگلے سال حج کرایا جائے گا۔ شہید ہونے والے دونوں افراد کے لواحقین کے لےے گھر بھی اگست تک تیار ہو جائیں گے۔ اس اعلان کے حوالے سے النور مسجد واقعے کے شہید پاکستانی شہری نعیم راشد کی بیوہ عنبرین نے بتایا کہ نیا گھر ملنا اور حج کے لیے جانا ہماری فیملی کے لیے زندگی کو بدل دینے والا موقع ہو گا کیونکہ ابھی تک ہم غم کی کیفیت سے باہر نہیں آ سکے۔

تاہم اپنا گھر اور اللہ تعالیٰ کے گھر جانے کی سعادت حاصل کرنا ہماری فیملی کے لیے بہت بڑا ریلیف ہو گا۔ عنبرین نے مسلم ورلڈ لیگ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے مشکل گھڑی میں ہماری مدد کی ہے ۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں