خانہ کعبہ پر حملہ پر بننے والی ڈرامہ سیریل ’العاصوف‘ پر سعودیوں کا اظہار برہمی

ڈرامے کی 15 ویں اور 16 ویں قسط ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 24 مئی 2019 12:51

خانہ کعبہ پر حملہ پر بننے والی ڈرامہ سیریل ’العاصوف‘ پر سعودیوں کا اظہار برہمی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 مئی 2019ء) خانہ کعبہ پر 20 نومبر 1979ءکو نماز فجر کے بعد دہشت گرد جھیمان اور اُس کے سلفی گروہ کی جانب سے مسجد الحرام پر قبضہ کرنے کے واقعہ پر بنی ڈرامہ سیریل ’العاصوف‘ اس وقت بہت چرچے میں ہے۔ اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صارفین نے عصر حاضر میں مسلم دنیا پر سانحہ حرم کے اثرات کے بارے میں ’العاصوف الیوم‘ کے نام سے ایک ہیش ٹیگ شروع کیا ہے اور اس پر اپنی رائے دے رہے ہیں۔

ڈرامے کی مذکورہ قسطوں میں دکھایا گیا کہ جھیمان العتیبی اور اس کا حامی گروہ حرم مکی پر کس طرح قبضہ کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے واقعے کو یاد کرتے ہوئے اس ڈرامے کی تعریف کی ہے تو کچھ خانہ کعبہ کی ناکہ بندی اور حرم پر قبضے کی منظر کشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ڈرامے کے بائیکاٹ کی اپیل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ناصر القصبی کے سیریل پر سوشل میڈیا میں نکتہ چینی نئی بات نہیں۔

گذشتہ برس رمضان میں جب 'العاصوف' کا پہلا حصہ پیش کیا گیا تھا تب بھی اس پر ہنگامہ ہوا تھا۔ روایت پسند سعودیوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ اگر اس کی تمام تفصیلات پیش کی گئیں تو اس سے سعودی معاشرہ بدنام ہوگا جبکہ کچھ ناظرین نے اس کی حمایت کی تھی۔ایک اور صارف نے کہا مجھے اس بات پر حیرت ہوئی کہ سیریل میں اہل مکہ کے کردار کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

مکہ کے باشندوں نے اپنے قائدین اور بہادر سپاہیوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی تھی۔ انہوں نے جان کے نذرانے پیش کیے تھے۔ اس وقت کے قائدین نے اہل مکہ کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا تھا۔ الوداعی نامی ایک صارف نے 90 کی دہائی کے بعد پیدا ہونے والے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ”بعض رسم و رواج دین کے خلاف ہو سکتی ہیں۔ اسلام سے ناواقفیت بھی ممکن ہے تاہم العاصوف میں جو گندا ماحول دکھایا گیا ہے اس کا سعودی عرب کے روایت پسند معاشرے سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ گندا معاشرہ ڈرامے کے سکرپٹ رائٹر، اداکاروں اور اس کے ذمہ داران کے ذہنوں کے سوا کہیں نظر نہیں آتا۔“

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں