سعودی فلم بینوں کو حکومت کی جانب سے شاندار خبر سُنا دی گئی

مملکت بھر میں موجود سینما گھر اور شاپنگ مالز عید الفطر کے دوران 24 گھنٹے کھُلے رہیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 1 جون 2019 12:58

سعودی فلم بینوں کو حکومت کی جانب سے شاندار خبر سُنا دی گئی
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،یکم جُون2019ء) سعودی کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران عوام کی تفریح کی خاطر ریاض، جدہ اور دمام میں واقع درجنوں شاپنگ مالز کھُلے رہیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد عوام کو عید الفطر کے دوران شاپنگ اور تفریح کی زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔عید سیزن کے حوالے سے القصر، غرناطہ، ریاض پارک مالز، کنگڈم سنٹر، جدہ کا ریڈ سی مال اور دمام کا درین مال بھی کھُلے رہیں گے۔

جہاں تک سینما گھروں کی بات ہے، کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع AMC تھیٹر اوردیگر شاپنگ مالز میں موجود فوکس سینما گھر بھی کھُلے رکھے جائیں گے۔ ان اقدامات کے باعث عوام کو عید الفطر کے خوشیوں بھرے تہوار کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تفریح میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

فلم بینی کے شوقین لوگوں کو سینما گھروں میں آمد کے دوران کھانے پینے کی سہولت دینے کے لیے ریسٹورنٹس، کیفےز اور کینٹین وغیرہ کھُلی رکھیں جائیں گی۔

اس خبر پر سعودی فلم بینوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اس وقت جدت کی جانب رواں دواں ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں دھڑا دھڑ رُونما ہونے والی تبدیلیوں کو د±نیا بھر میں خوشگوار حیرت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ مملکت میں اس وقت کئی سینما گھر بھی کھُل چکے ہیں جہاں عوام غیر ملکی فلموں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ ریاض میں ایک ایسا شاندار پوش سینما گھر قائم کیا گیا ہے جو مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا منفرد ترین سینما گھر ہے۔

یہ سینما گھر معروف امریکی کمپنی فوکس کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس سینما گھر میں 8 مختلف ہال ہیں جہاں لوگ مختلف قسم کی فلمیں دیکھ سکتے ہیں، جبکہ ایک ہال بچوں کی فلموں کے لیے بھی مخصوص ہے۔ اس سینما گھر میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔اس منفرد پوش سینما گھر میں شائقین کے لیے آرام دہ صوفے لگائے گئے ہیں جو ضرورت پڑنے پر بستر میں بھی تبدیل ہو سکتے ہیں۔

ان صوفوں میں ویٹرز کو بلانے کے لیے بٹن بھی نصب کیے گئے ہیں۔ جبکہ شائقین کو فلم کے دوران کھانا پیش کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اس سینما میں ایک ریستوران کی سہولت بھی موجود ہے جبکہ سینما کے وی آئی پی ہال میں فلم بینوں کو سونے کے ورق میں لپٹے ہوئے چاکلیٹ، پاپ کارن اور عمدہ پھلوں کا جوس بھی پیش کیا جائے گا۔ ریاض کے کنگڈم ٹاور میں واقع یہ پوش سینما گھر اس وقت سب کی نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے جس کا افتتاح بین الاقوامی شہرت کے حامل ممتاز سعودی صنعتکار شہزادہ ولید بن طلال نے کیاتھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں