سعودی عرب: اقامہ کی مُدت میں توسیع نہ کرانے والوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا

تارکین کواقامہ کی میعاد ختم ہونے سے کم از کم تین روز قبل اس میں توسیع کروانا ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 جون 2019 12:05

سعودی عرب: اقامہ کی مُدت میں توسیع نہ کرانے والوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جُون 2019ء) سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ جو غیر مُلکی اپنے اقاموں کی میعاد ختم ہونے سے قبل ہی اُس میں توسیع نہیں کروائیں گے، اُنہیں معیاد ختم ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ جوازات کے مطابق اگر کوئی غیر مُلکی اقامے کی میعاد کے اختتام سے قبل اُس کی مُدت میں توسیع نہیں کرواتا تو پہلی بار اس خلاف ورزی کی صورت میں اُسے جرمانے کے طور پر 500درہم کی رقم ادا کرنا ہو گی۔

اگر وہ یہ غلطی دُوسری بار کرتا ہے تو اس پر جرمانے کی رقم ایک ہزار ریال کر دی جائے گی۔ جبکہ تیسری بار اس خلاف ورزی کی صورت میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے شخص کو فوری طور پر سعودی عرب سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایسے تارکین جن کے اقامے کی مُدت ختم ہونے کے قریب ہوں، اُنہیں میعاد کے اختتام سے کم از کم تین روز قبل ابشر الیکٹرانک سروس یا مقیم ای گیٹ کی ذریعے اپنے اقاموں کی میعاد میں توسیع کروانا لازمی ہو گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف گھیرا روز بروز تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے انہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ سعودی وزرارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 26صفر 1439ھ سے لیکراب تک مملکت بھر میں مجموعی طورپر 32 لاکھ2ہزار192 تارکین وطن گرفتار کیے جا چکے ہیں۔اس آپریشن میں مملکت کی 19 سے زائد سیکیورٹی ایجنسیاں اور مختلف سرکاری و نجی ادارے حصّہ لے رہے ہیں جن میں سعودی وزارت محنت اور محکمہ جوازات بھی شامل ہیں۔

گزشتہ 18 ماہ سے ’غیر قانونی تارکین وطن سے پاک مملکت‘ کے نام سے جاری اس مہم میں اب تک 8 لاکھ 4 ہزار360 افرادکو گرفتار کیے جانے کے بعد ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔اقامہ کی خلاف ورزی کی بناءپر گرفتار کیے گئے افراد کی گنتی 24 لاکھ 95 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 4 لاکھ 94 ہزار سے زائد افراد قانونِ محنت کی خلاف وزی پر گرفتار کیے گئے۔جبکہ 53 ہزار260افراد مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور 23 سو57 مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوئے۔مملکت میں دراندازی کی کوشش کے دوران گرفتار کیے جانے والوں میں سے 49فیصد یمنی، 48فیصد ایتھوپین اور باقی دیگر ممالک کے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں