بینک صارفین سے لُوٹ مار کرنے والے پانچ غیر مُلکی ڈکیت گرفتار

ملزمان کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق ایک ہی ملک سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 جون 2019 16:26

بینک صارفین سے لُوٹ مار کرنے والے پانچ غیر مُلکی ڈکیت گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 24جُون 2019ء ) سعودی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران پانچ غیر مُلکیوں کو گرفتار کر لیا ہے جو کہ بینک سے پیسے نکلوانے والے لوگوں سے لُوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان پانچوں افراد کی عمریں 20 سال سے 45 سال کے درمیان ہیں۔ جن کا تعلق ایک ہی ایشیائی مُلک سے ہے۔

ریاض پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل شاکر بن سلیمان التویجری نے بتایا کہ ان ملزمان کی گرفتاری مالی جرائم کے سدبابِ کے لیے کی جانے والی حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔ یہ گرفتار شدہ ملزمان راہزنی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ملزمان ان لوگوں کو واردات کا نشانہ بناتے جو بینکوں میں سے رقم نکلوا کر باہر آتے۔

(جاری ہے)

ملزمان ایسے لوگوں کا پیچھا کرتے۔

اگر کوئی شخص بینک سے نکلوائی رقم گاڑی میں ہی رکھ کر کسی جگہ شاپنگ یا ضروری کام کے لیے باہر نکلتا تو یہ لوگ گاڑی کے قریب آتے اور اس کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر وہاں موجود رقم لُوٹ کر فرار ہو جاتے۔ ان ملزمان کے خلاف کئی لوگوں نے شکایات درج کرائی تھیں۔ آخر کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان لوگو ں کی شناخت کی گئی اور پھر ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ملزمان کو استغاثہ کے حوالے کیا گیا ہے جو ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر دے گا۔پولیس نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ بینک سے رقم نکلوانے کے بعد اُسے گاڑی میں چھوڑ کر کہیں نہ جایا کریں، بلکہ اسے ہر وقت اپنے پاس ہی رکھیں۔ تاکہ تاک میں بیٹھے لوگ ان کو مالی نقصان پہنچانے کا باعث نہ بنیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں