سعودی علماء نے اقوام متحدہ کی خاشقجی رپورٹ کو متعصبانہ قرار دے دیا

علماء کونسل کے مطابق رپورٹ سعودی قیادت کو قصور وار ٹھہرانے اور عدالتی نظام کو مشکوک بنانے کی سازش ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 جون 2019 13:57

سعودی علماء نے اقوام متحدہ کی خاشقجی رپورٹ کو متعصبانہ قرار دے دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 25جُون 2019ء ) جید سعودی علماء کی کونسل کی جانب سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ اور سعودی قیادت کو موردِ الزام ٹھہرانے کی بھونڈی کوشش قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔ علماء کونسل کے مطابق اس رپورٹ میں سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت اور عدالتی نظام پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کی گئی ہے۔

کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مندرجات متعصب میڈیا کی جانب سے شائع کردہ من گھڑت خبروں پر مبنی ہیں، جن کا حقیقت سے دُور دُور تک کوئی واسطہ نہیں۔ سعودی مخالف میڈیا نے مخصوص ایجنڈے کے تحت سعودی نظامِ انصاف کو نشانہ بنانے کی کوشش، بدقسمتی سے اس رپورٹ میں بھی بِنا تحقیق کے انہی رپورٹس پر اکتفا کیا گیا اور حقائق کو نظر انداز کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ رپورٹ سعودی مملکت کو بدنام کرنے کے مترادف ہے۔ اس رپورٹ کا مقصد سعودی عدالتی نظام کو دباؤ میں لانا ہے اور عدلیہ کی شفافیت پر اُنگلی اُٹھانا ہے۔ اس رپورٹ کو بالکل بھی ایک مستند رپورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اس واقعے کے تیسرے دِن ہی جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوئی تھیں، اس رپورٹ کو تیار کرنے والی خاتون کی جانب سے سعودی مملکت کو خاشقجی قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

اس سے پتا چلتا ہے کہ اس خاتون نے رپورٹ تیار کرنے سے پہلے ہی بہت کچھ سوچ رکھا تھا۔ اس رپورٹ کی تیاری میں شفافیت، معروضیت ، انصاف اور سچائی کے تقاضوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ حالانکہ سعودی قیادت اور عوام نے خاشقجی قتل کی بھرپور مذمت کی اور اس قتل میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں