ریاض کے ایک اپارٹمنٹ میں آتش زدگی ، ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق

بدقسمت خاندان کے افراد کمروں میں دھواں بھر جانے کے باعث دم گھُٹنے سے جاں بحق ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 جولائی 2019 12:07

ریاض کے ایک اپارٹمنٹ میں آتش زدگی ، ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جولائی 2019ء) سعودی مملکت کے دارالحکومت ریاض میں ایک انتہائی دل خراش واقعہ پیش آیا ہے جس میں پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاع مِلی ہے۔ سول ڈیفنس کے محکمہ کے مطابق یہ واقعہ ریاض کے ایک علاقے میں پیش آیا جب رات کے وقت ایک تین منزلہ رہائشی عمارت کی دوسری منزل میں واقع اپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث اپارٹمنٹ میں موجود افراد کمروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے۔

آگ کی شدت کے باعث بے پناہ دُھواں اکٹھا ہونے سے اپارٹمنٹ میں موجود پانچوں افراد دم گھُٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ یہ تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ سول ڈیفنس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ اور طبی امداد کا عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

فائر فائٹرز نے کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

تاہم جب وہ لوگ اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے تو وہاں موجود افراد میں زندگی کے کوئی آثار دکھائی نہ دیئے۔ ان تمام افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ابھی تک آتش زدگی کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے باعث یہ افسوس ناک واقعہ رُونما ہوا۔گھر کے افراد گہری نیند میں تھے اس وجہ سے وہ فوری طور پر اس بارے میں نہ جان سکے اور بعد میں دھواں بھر جانے کے باعث اُن کی دم گھُٹنے سے موت واقع ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں