سانحہ نیوزی لینڈ کے شہیدوں کے ورثاء اور زخمی سعودی فرمانروا کے خرچے پر حج کی سعادت حاصل کریں گے

کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں شہید ہونے والے میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 جولائی 2019 11:08

سانحہ نیوزی لینڈ کے شہیدوں کے ورثاء اور زخمی سعودی فرمانروا کے خرچے پر حج کی سعادت حاصل کریں گے
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19جولائی 2019ء ) اب سے چند ماہ قبل نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر ایک آسٹریلوی دہشت گرد نے حملہ کر کے 50 سے زائد نمازیوں کو شہید کر دیا تھا جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے تھے۔ سعودی فرمانروا کی جانب سے ان مساجد میں شہید ہونے والوں کے ورثاء اور زخمیوں کوسرکاری خرچ پر حج کروایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں متاثرین کے 200 سے زائد رشتہ داروں کو سعودی حکومت کی جانب سے حج کے لیے مدعُو کیا گیا ہے۔

ان کے سفرِ حج کے تمام تر اخراجات اور قیام و طعام کی ذمہ داری سعودی حکومت کے ذمے ہو گی۔ اس سلسلے میں وزیراسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا کہ سفر حج کی کارروائی نیوزی لینڈ میں سعودی سفارتخانہ انجام دے گا اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

سفارتخانے کو شاہی فرمان پر تعمیل کی ہدایت کردی گئی ہے۔اس فیصلے پر سعودی عرب کے ممتاز علماء کی جانب سے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

علماء کی جانب سے جاری ایک متفقہ بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کے دہشتگردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے عزیز و اقارب اور زخمی ہونے والوں کو شاہی ضیافت میں حج کرانا بہت اچھا فیصلہ ہے۔ اس سے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ سعودی عرب ، اس کے قائدین اور عوام کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ اس سے جاں بحق ہونے والوں کے خاندان والوں کا دکھ درد کم ہوگا اور زخمیوں کو بھی سکون ملے گا۔

دہشت گردی سے متاثرین کو شاہی ضیافت میں حج کروانے سے دہشت گردی کے خلاف واضح پیغام بھی جائے گا۔واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ حملوں میں شہید ہونے والے 50 میں سے نو افراد پاکستانی تھے۔ جن کے نام سہیل شاہد، سید جہانداد علی،مھروب ہارون، سید اریب احمد، محبوب ہارون، نعیم راشد اور ان کا بیٹا طلحہ، ذیشان رضا، غلام حسین اوران کا بیٹا اکرم تھے۔اس کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش، افغانسان، اُردن، مصر اور دیگر چھ عرب ممالک کے لوگ بھی ان حملوں میں شہید یا زخمی ہوئے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں