حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ایک اور ڈرون حملہ

اتحادی افواج کی جانب سے جازان کے علاقے کی جانب بھیجا گیا ڈرون راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 27 جولائی 2019 12:57

حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر ایک اور ڈرون حملہ
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جولائی 2019ء) حوثی باغیوں کی جانب سے گزشتہ روز ایک بار پھر سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ ڈرون اپنے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی مار گرایا گیا۔ سعودی عرب کی زیر قیادت فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل سرحدی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

جمعرات کی شب بھی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی جانب ڈرون بھیجا گیا تھا جسے اتحادی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے ان کا ڈرون یمن کی سرحد میں ہی تباہ کر دیا تھا۔جس کے بعد جمعہ کی صبح ایک اور ڈرون حملہ کیا گیا مگرفضائی فوج کی بروقت کارروائی اور مستعدی کے باعث یہ ڈرون اپنے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی مارگرایا گیا۔

(جاری ہے)

چوبیس گھنٹے میں یہ دوسرا حملہ ہے جسے اتحادی افواج نے ناکام بنایا ہے۔

کرنل المالکی نے مزید کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس کا سخت نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے مسلسل عوامی و شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو اخلاقی اور انسانی اقدار و قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کرنل المالکی نے مزید کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کو ہر طرح سے ناکام بنایا جائے گا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں