ریاض میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث پاکستانی ساتھیوں سمیت گرفتار

تین رُکنی گروہ خود کو سیکیورٹی اہلکار ظاہر کر کے غیر ملکیوں کو اپنی وارداتوں کا نشانہ بناتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 30 جولائی 2019 10:49

ریاض میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث پاکستانی ساتھیوں سمیت گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جولائی 2019ء) ریاض پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث پاکستانی، سعودی اور بھارتی پر مشتمل تین رُکنی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ریاض پولیس کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ لوگ غیر مُلکیوں کو اپنی وارداتوں کا نشانہ بناتے تھے۔ یہ لوگ خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار ظاہر کرکے غیر ملکیوں کو لُوٹ لیتے تھے ۔

پریس ریلیز کے مطابق ملزمان نے ریاض کے وسطی علاقے منفوحہ میں واقع ایک دُکان پر واردات کی۔ یہ لوگ سیکیورٹی اہلکار بن کر دُکان میں گئے اور وہاں موجود غیر ملکی سے گن پوائنٹ پر ایک لاکھ نوے ہزار ریال لُوٹے اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کے حلیے کی مدد سے ان کی تلاش شروع کر دی۔ بالآخر انہیں چند روز بعد گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ تینوں ملزمان کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہیں۔

ان کے قبضے سے 68 ہزار ریال نقد اور سونے کا بسکٹ برآمد ہوا۔ تینوں ملزمان کے خلاف دھوکا دہی اور لُوٹ مار کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ریاض پولیس کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی سادہ لباس میں ملبوس شخص خود کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ظاہر کرے تو اُس پر اُس وقت تک یقین نہ کیا جائے جب تک وہ اپنا محکمانہ کارڈ نہ دکھائے۔ اگر کوئی شخص خود کو قانون نافذ ادا کرنے والا اہلکار ظاہر کر کے کسی سے پیسے اینٹھنے کی کوشش کرے تو فوراً سمجھ لیں کہ یہ کوئی نوسرباز ہے۔ کیونکہ کوئی بھی اصلی اہلکار کسی کو ڈرا دھمکا کر اُس سے رقم وصول نہیں کرتا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں