حوثیوں کا سعودی عرب کے گیس پلانٹ پر ڈرون حملہ

اس ڈرون حملے میں الشیبہ آئل فیلڈ کے ایک پروسیسنگ یونٹ کو نشانہ بنایا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اگست 2019 11:26

حوثیوں کا سعودی عرب کے گیس پلانٹ پر ڈرون حملہ
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19 اگست 2019ء) حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایسا ہی ایک اور حملہ ہفتہ کی صبح 6 بج کر 20 منٹ پر الشیبہ آئل فیلڈ پر کیا گیا تاہم اس سے آئل فیلڈ کو معمولی نقصان پہنچا اور دھماکہ خیز مواد کے باعث لگنے والی آگ کو فوری طور پر بُجھا لیا گیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے اس واقعے پر وزیر توانائی خالد الفالح کا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈرون حملے میں الشیبہ آئل فیلڈ کے ایک پروسیسنگ یونٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

تاہم اس سے تھوڑی سی آگ بھڑکی، جسے موقع پر موجود سٹاف نے فوری طور پر بُجھا کر آگ پر قابو پا لیا۔ اس حملے میں خوش قسمتی سے کسی بھی شخص کو معمولی خراش تک نہیں آئی۔

(جاری ہے)

وزیر توانائی نے کہا کہ حوثیوں کا مقصد یہ تھا کہ اس آئل فیلڈ پر آگ بھڑکنے سے یہاں سے تیل کی پیداوار وقتی طور پر متاثر ہو گی، مگر اُن کا یہ ہدف پُورا نہ ہو سکا۔ اس آئل فیلڈ سے تیل کی نکاسی اور سپلائی مسلسل بنیادوں پر جاری ہے۔

سعودی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اس بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ آئل فیلڈ پر کیے جانے والے حملوں کا مقصد نہ صرف سعودی عرب بلکہ عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں کمی لا کر دُنیا بھر کو نقصان پہنچانا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی آرامکو کی ویب سائٹ پر اس حملے کے حوالے سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ دہران میں سعودی آرامکو کی رسپانس ٹیم نے ہفتے کی صبح الشیبہ این جی ایل پلانٹ پر لگنے والی محدود آگ پر قابو پا لیا۔ کوئی زخمی ہو ا اور نہ ہی سعودی آرامکو کے آئل آپریشنز میں خلل پڑا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں