سعودی سُپر ماڈل نے سعودی مخالف افراد کی شدید تنقید سہہ لی، مگر مُلک کو بدنام نہ کیا

امریکا میں مقیم سعودی سُپرماڈل روان عبداللہ ابو زید کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ سعودی پالیسیوں کی مخالفت کرے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اگست 2019 12:58

سعودی سُپر ماڈل نے سعودی مخالف افراد کی شدید تنقید سہہ لی، مگر مُلک کو بدنام نہ کیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20 اگست 2019ء) امریکا میں مقیم سعودی سُپر ماڈل روان عبداللہ ابو زید کو بیشتر افراد کی جانب سے مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ سعودی حکومت کی پالیسیوں کو غیر انسانی اور ظالمانہ قرار دے کر اُن کی مذمت کرے۔ سعودی سُپر ماڈل روان جو کہ فیشن انڈسٹری میں ماڈل روز کے نام سے جانی جاتی ہے، اُس نے بتایا ہے کہ اُسے سوشل میڈیا پر اُن سعودی افراد کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، جنہوں نے سعودی عرب کو چھوڑ کر امریکا اور دیگر ممالک میں پناہ لے رکھی ہے۔

اُس کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ سعودی عرب کے مخالفین کو خوش کرنے کی خاطر اپنے آبائی وطن کو ناجائز طور پر تنقید کا نشانہ بنانے کو تیار نہیں ہے۔ ماڈل روز کے اس وقت سوشل میڈیا پر ایک کروڑ سے زیادہ پرستار ہیں۔

(جاری ہے)

روز ابو زید نے بتایا کہ اُس کی ہی ایک ہم وطن دانا المایوف، جس نے 2012ء میں سعودی عرب چھوڑ کر امریکا میں سیاسی پناہ حاصل کی اور اب امریکی شہریت حاصل کر چکی ہے، وہ اُسے سعودی عرب کے خلاف بیانات نہ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

روز ابو زید نے مزید بتایا کہ اُس نے اپنی ہم وطن خاتون کی جانب سے مسلسل پریشان اور ذلیل کیے جانے کے بعد اُس کے خلاف مین ہٹن کی سپریم کورٹ میں مقدمہ درج کرا دیا ہے جس میں روز کی شہرت کو نقصان پہنچانے اور ذہنی اذیت پہنچانے پر دانا المایوف سے50 لاکھ امریکی ڈالر بطور ہرجانہ طلب کیے گئے ہیں۔ روز کے مطابق دانا المایوف نے سوشل میڈیا پر اُس کے بارے میں یہ جھوٹا پراپیگنڈہ کیا تھا کہ روز سعودی عرب میں دیگر خواتین کی طرح خود پر ہونے والے ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کی خاطر امریکا منتقل ہو گئی تھی۔

روز نے کہا کہ دانا سراسر جھوٹ بول رہی ہے۔ وہ درحقیقت انٹریئر ڈیزائن کی تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے امریکا آئی تھی، اُسے سعودیہ میں مقیم اپنے گھر والوں کی جانب سے مکمل سپورٹ مِلی اور کبھی اُس کے ساتھ ناروا سلوک نہیں ہوا۔ دانا المایوف نے روز ابو زید کے بارے میں یہ پراپیگنڈہ بھی کر رکھا ہے کہ وہ اپنی بے شمار کمائی گئی دولت پر ٹیکس بھی ادا نہیں کرتی۔ اس کے علاوہ دانا نے روز ابو زید کے ساتھ منسلک معروف برانڈز کو مخاطب کر کے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کی پالیسیوں کی مخالفت نہ کرنے پر روز سے کاروباری تعلق توڑ لیں۔ واضح رہے کہ روز وکٹوریا سیکرٹ جیسے معروف فیشن میگزین کے لیے بھی ماڈلنگ کر چکی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں