پاکستانی ملازمین کو تنخواہیں نہ ادا کرنے والی کمپنی کے خلاف عدالت نے فیصلہ سُنا دیا

لیبر کورٹ نے 2 سال سے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی ملازمین کی تنخواہیں ادا نہ کرنے پر کمپنی کی گاڑیاں نیلام کرنے کا حکم دیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 13 ستمبر 2019 13:34

پاکستانی ملازمین کو تنخواہیں نہ ادا کرنے والی کمپنی کے خلاف عدالت نے فیصلہ سُنا دیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13ستمبر 2019ء) سعودی لیبر کورٹ نے ایک مقامی تعمیراتی کمپنی کو پاکستانیوں سمیت درجنوں غیر مُلکیوں کو دو سال سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اس کے خلاف فیصلہ سُنا دیا ہے۔ عربی اخبار عکاظ کے مطابق الباحہ ریجن میں لیبر کورٹ نے غیر مُلکی ملازمین کے حق میں فیصلہ سُناتے ہوئے کمپنی کو قصور وار ٹھہرایا اور حکام کو حکم دیا کہ وہ کمپنی کی گاڑیاں نیلام کر کے ملازمین کے بقایا جات ادا کریں۔

اس سلسلے میں ایک پاکستانی ملازم اکرم نے بتایا کہ اُسے دو سال سے تنخواہ ادا نہیں کی ، اس سمیت 55 ملازمین تھے، جن کا تعلق پاکستان اور دیگر ممالک سے تھا۔ کئی ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر اپنے وطن واپس جا چکے ہیں، کمپنی نے ان کے بھی پیسے ادا کرنے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی وجہ سے مجبور ہو کر لیبر کورٹ سے رجوع کیا۔ جس نے ہمارے حق میں فیصلہ سُنایا ہے۔ ہم لوگوں نے بہت مشکل وقت گزارا ہے۔

ہمارے وطن میں بیٹھے گھر والے لاکھوں روپے کے قرضے تلے دب گئے ہیں۔ کمپنی کے ذمہ میرے 72ہزار ریال ہیں۔ اگر مجھے یہ رقم واپس مل گئی تو میری تمام مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اب ہم منتظر ہیں کہ کب اس فیصلے پر عمل درآمد ہو اور میرے سمیت باقی ملازمین کی فکریں ختم ہو جائیں۔ کئی ملازمین ایسے ہیں جنہیں 10 سے 25 برس ہو چکے ہیں، مگر انہیں بھی ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ حالانکہ جن منصوبوں پر کام کروایا گیا، کمپنی انہیں کافی عرصہ پہلے مکمل کر چکی ہے۔ مگر ملازمین کو ان کے بدلے معاوضے کی ادائیگی نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ سعودی مملکت میں وزارت محنت کی جانب سے شکایت اور مقدمہ دائر کرنے کے سسٹم کو آن لائن کرنے کے بعد سے ملازمین کو انصاف کی فراہمی کا عمل تیز تر ہو گیا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں