سعودی طالبہ برقع پھنس جانے کے باعث اپنی ہی سکول وین تلے کچل کر جاں بحق

یہ واقعہ ریاض کے علاقے الشفاء میں دوپہر کے وقت پیش آیا، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 ستمبر 2019 11:54

سعودی طالبہ برقع پھنس جانے کے باعث اپنی ہی سکول وین تلے کچل کر جاں بحق
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19ستمبر 2019ء ) سعودی عرب میں ایک افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں سکول طالبہ جاں بحق ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ریاض کے علاقے الشفاء میں پیش آیا۔ العربیہ نیوز نیٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی طالبہ لیان ترکی مبارک دوپہر کو سکول سے واپسی کے بعد سکول وین پر سوار ہوئی اور اپنے گھر کے سامنے آ کر رُک گئی۔

جب وہ وین سے اُتر رہی تھی تو اس کا بُرقع گاڑی کے دروازے کے ساتھ اٹک گیا۔ ابھی وہ بُرقع دروازے سے چھُڑا ہی رہی تھی کہ اسی دوران سکول وین کے ڈرائیور نے لاعلمی میں وین چلا دی۔ جو لیان کو کھینچتی ہوئی ساتھ ہی لے گئی اور تھوڑی دُور جا کر لیان گاڑی کے پچھلے ٹائروں تلے آ کر کُچلی گئی۔ جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئی۔ جسے فوری طور پر کنگ سعود میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر سعودی حلقوں کی جانب سے وائرل ہونے والی وڈیو سے معلوم ہوا کہ یہ حادثہ منگل کی دوپہر 1:35 پر پیش آیا۔ محکمہ تعلیم کے ترجمان علی الغامدی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدنصیب طالبہ جس وین میں سوار تھی وہ ریاض کے محکمہ زیر تعلیم کے زیر انتظام نہیں، بلکہ ایک پرائیویٹ وین ہے۔ ترجمان نے محکمہ تعلیم کی جانب سے طالبہ کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور اس کے لیے مغفرت کی دُعا بھی کی۔ اس واقعے کی ہولناک ویڈیو بھی منظر عام پر آچکی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت دُکھ کا اظہار کیا ہے اور اس واقعے کے لیے ڈرائیور کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں